5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
پاکستان امریکی امداد وصول کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے، امریکی اخبار
جنگ نیوز -
اسلام آباد…فارن ڈیسک… پاکستان امریکا سے اقتصادی اور ترقیاتی امداد وصول کرنے والا دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے۔ پاکستان کے وسیع پیمانے پر امریکی امدادی پروگرام کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔ڈرونز حملوں کی وجہ سے پاکستان میں امریکامخالف جذبات انتہائی زیادہ ہیں۔ امریکی اخبار’وال اسٹریٹ جرنل‘ کی رپورٹ کے مطابق بہت زیادہ مسائل کی وجہ سے رواں برس پاکستان کے لیے امریکی کانگریس کی طرف سے منظور ایک ارب بیس کروڑ ڈالرمیں سے دو تہائی خرچ کیا گیا۔2009ء میں کانگریس نے پاکستان کے لیے سالانہ1.5ارب ڈالر سویلین امداد آئندہ پانچ برس تک فراہم کرنے کی منظوری دی تھی اور پہلی قسط رواں برس خرچ کر دی گئی۔ 2001ء سے پاکستان کو امریکا ملٹری سازو سامان سمیت 11ارب ڈالرامداد دے چکا ہے۔ امریکی اخبارکے مطابق پاکستان میں امریکی امدادی پروگرام سے وابستہ حکام نے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقامی اداروں اور پاکستانی حکومت کو براہ راست پیسے فراہم کرنے کے لیے دباوٴ نے امداد ی کاموں میں کمی پیدا کردی ہے۔ اس بات پر تشویش ہے کہ مقامی گروپ ان فنڈز کو مناسب استعما ل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ کچھ بین الاقوامی گروپ امریکی حکومت کے فراہم کردہ سامان پر امریکی لوگوز کے مخالف ہیں۔پاکستان میں امریکا مخالف جذبات کا پایا جانا بھی رکاوٹ ہے،کیونکہ ڈرونز حملوں نے پاکستانیوں میں امریکا کے لیے شدید نفرت پیدا کردی ہے۔