5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
سیاسی معاملات پر مٹی پائی جا سکتی ہے ٹارگٹ کلنگ پر نہیں،چوہدری شجاعت
جنگ نیوز -
کراچی…مسلم لیگ ق کے چوہدری شجاعت حسین اور مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ انہوں نے حکومت کو پانچ نکات پیش کئے ہیں کوئی ڈیڈ لائن نہیں دی،ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اقتصادی بحالی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک کراچی میں امن قائم نہ ہو۔کراچی پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ق کے سربراہ کا کہنا تھا کہ وہ کسی ڈیڈ لائن پر یقین نہیں رکھتے، مسلم لیگ ن کی ڈیڈ لائن اصل میں ہیڈ لائن کے لئے تھی ،ایک سوال پر چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہونے والے آپریشن کے محرکات کا انہیں علم ضرور ہے تاہم حقائق جاننے کیلئے ان کی کتاب کے شائع ہونے کا انتظار کیا جائے ۔مسلم لیگ ق کے سربراہ کا کہنا تھا کہ مٹی پاؤ کا معاملہ سیاسی ہوتا ہے، ٹارگٹ کلنگ سنجیدہ معاملہ ہے اس کا تدارک ہونا چاہئے ، چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت سے پانچ نکات میں1985سے اب تک لیے اور معاف کیے جانے والے قرضوں کی فہرست جاری کرنے کا مطالبہ اس لیے کیا کہ ان کے خاندان پر قرضے لینے اور معاف کرانے کے الزامات لگتے رہے ہیں اس لئے خود ہی حکومت کے سامنے پیش ہوئے ہیں ،ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ میں مارنے اور مرنے والوں کو پتا نہیں ہوتا ہے کہ وہ کیوں ماررہے ہیں اور وہ کیوں مررہا ہے تاہم مروانے والے کو پتا ہوتا ہے کہ وہ کیوں ایسا کررہا ہے اس کا سب کو پتہ چلنا چائیے ۔جب ان سے پوچھا گیا کہ آپ کہتے ہیں کہ میاں نواز شریف پرانی تنخواہ پر کام کریں گے تو آپ کس تنخواہ پر کام کرنے کو تیار ہوں گے تو چوہدری شجاعت نے جواب دیا کہ وہ۔بغیر تنخواہ کے کام کریں گے ،انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش اور کوشش ہے کہ حکومت پانچ سال پورے کرے ،ایک سوال پر چوہدری شجاعت نے کہا کہ توہین رسالت قانون کو نا چھیڑا جائے اس سے پنڈورا بکس کھل جائے گا،انہوں نے ایم کیوایم کی جانب سے ملک کو اسلحہ سے پاک کرنے کا بل خوش آئند قراردیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایسا ہونا اتنا آسان نہیں ۔مسلم لیگ ق سیکریٹری جنرل مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ ملک میں اقتصادی بحالی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک کراچی میں امن قائم نہ ہو، ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت تباہی کے دھانے پرہیں اور کرپشن اورٹارگٹ کلنگ اس کی اہم وجوہات ہیں ،ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملازمت دینے میں نہیں بیچنے میں تیز ہے ، کے ای ایس سی کے بعد پی آئی اے اور اسٹیل ملز کی باری ہے ،انہوں نے کہا کہ مسائل سے نکلنے کے لئے ان کی جماعت نے حکومت کو پانچ نکات پیش کئے ہیں ۔