5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
سندھ اسمبلی اجلاس : حکومتی و اپوزیشن ارکان میں سخت جملوں کا تبادلہ
جنگ نیوز -
کراچی …سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپوزیشن رکن نصرت سحر عباسی اورحکومتی رکن شرجیل میمن کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا، اسپیکر اور صوبائی وزیر قانون نے مداخلت کرکے معاملہ رفع دفعہ کرایا۔اسمبلی اجلاس کے دوران مسلم لیگ ق کی رکن نصرت سحر عباسی نے اخبار میں شائع ہونے والی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 44پولیس افسران کو فیل ہونے کے باوجود ترقی دی گئی،انہوں نے اس عمل کومیرٹ کی دھجیاں بکھیرنے کے مترادف قراردیا اور کہا کہ حکومت اس کی وضاحت کرے کیونکہ خبر کے مطابق یہ افسران وزرا کے رشتہ دار بتائے جاتے ہیں ، ،جواب میں شرجیل میمن نے خبر کو بے بنیاد قراردیااور کہا کہ ان افسران میں سے کوئی بھی کسی وزیر کا رشتہ دار نہیں، انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی بغیر تصدیق کے الزام عائد کررہی ہیں اس لیے ان کی تعلیمی اسناد چیک کرائی جائیں۔اس بیان پر اسمبلی میں شور شرابا شروع ہوگیا ۔اس موقع پر اسپیکر نثار کھوڑو اور صوبائی وزیر قانون ایاز سومرو نے صورتحال کو سنبھالا اورمعاملہ رفع دفع کرایا۔