5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
پنجاب حکومت عوام کی جان ومال کاتحفظ کرنے میں ناکام ہوچکی، الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ جب تک غیرت مند پاکستانی زندہ ہیں پاکستان کی سلامتی وبقاء اور غیرت وحمیت پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوسکتا ۔غیرت مند پاکستانی اپنی جانیں قربان کردیں گے لیکن اللہ تعالیٰ کے سوا کسی بھی طاقت کے آگے سرنہیں جھکائیں گے۔یہ بات انہوں نے آج اپنی رہائشگاہ نائن زیروپر مسلم لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین ، سیکریٹری جنرل مشاہد حسین سید اور ان کے رفقاء سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے نائن زیروآمد پر چوہدری شجاعت حسین اور ان کے رفقاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ چوہدری شجاعت حسین اور ان کے رفقاء سے متحدہ قومی موومنٹ کے دیرینہ تعلقات رہے ہیں اورملک کی سلامتی اور عوام کی بہتری کیلئے یہ تعلقات انشاء اللہ مستقبل میں بھی قائم ددائم رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے غیرملکی بھیک اور امداد کیلئے قومی غیرت اور خودمختاری گروی رکھی جاچکی ہے ۔اگر موجودہ حکومت اور ارباب اختیار نے ملک کی موجودہ صورتحال کا سنجیدگی سے جائزہ نہ لیا ملکی مفاد میں غیرت مندانہ موٴقف اختیار نہ کیا تو آنے والی نسلیں انہیں کبھی معاف نہیں کریں گی ، پاکستان کے قدرتی معدنی وسائل کاایمانداری سے استعمال کریں تو پاکستان کو کسی بھی ملک کی مدد کے بغیر ایشیا کا امیرترین ملک بنایا جاسکتا ہے۔ الطاف حسین نے کہاکہ پنجاب میں امن وامان کی صورتحال انتہائی خراب ہے، پاکستان کے تینوں صوبوں سے زیادہ پنجاب میں ٹارگٹ کلنگ، اغواء برائے تاوان ، خواتین کے ساتھ زیادتیوں اور دیگر جرائم کی وارداتوں میں آئے دن اضافہ ہورہا ہے ۔جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پنجاب کی حکومت صوبے میں امن وامان قائم کرنے اور عوام کی جان ومال کاتحفظ یقینی بنانے میں قطعی طورپر ناکام ہوچکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پورے پنجاب میں گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ سے عوام شدید پریشان ہیں ، فیصل آباد کی صنعتیں بند ہیں ، کراچی سمیت ملک بھرکے عوام ہوش ربا مہنگائی کا شکار ہیں، بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال خراب ہے۔ہمیں بلوچ عوام کے ساتھ اپنوں جیسا سلوک کرکے انہیں منانا چاہئے ۔الطاف حسین نے کہا کہ میں اپنے بلوچ بھائیوں سے اپیل کروں گا کہ وہ ایک مرتبہ ایم کیوایم اور چوہدری شجاعت حسین کی مسلم لیگ کو موقع دیں ہم ان کے حقوق کیلئے آخری سانس تک لڑیں گے۔انہوں نے کہاکہ متحدہ ، پنجاب میں داخل ہوچکی ہے، ہمیں پنجاب میں آپ کے تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دوٹوک اور واضح الفاظ میں اعلان کیا کہ چوہدری شجاعت کی مسلم لیگ واحد جماعت ہے جو مثبت اور اصولی اپوزیشن کا کردار ادا کررہی ہے جبکہ باقی جماعتیں محض پوزیشن حاصل کرنے اوراپنی جاگیریں بڑھانے کیلئے اپوزیشن کا لفظ استعمال کرتی ہیں۔چوہدری شجاعت حسین نے الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آپ کی باتیں ایک دردمند پاکستانی کے دل کی آواز ہے اور ملک وقوم کودرپیش بحرانوں کے حوالہ سے ہمارے خیالات مشترک ہیں۔