5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
بلوچستان کے زلزلے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری
جنگ نیوز -
کوئٹہ…بلوچستان کے ضلع چاغی کے زلزلے سے متاثرہ افراد کیلئے پی ڈی ایم اے اور پاک فوج کی جانب سے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ امدادی سامان ضلعی حکومت کے ذریعے متاثرین زلزلہ میں تقسیم کیا گیا ہے ۔پی ڈی ایم اے ذرائع کے مطابق ضلع چاغی کے ڈی سی او ڈاکٹر محمد سعید جمالی کی جانب سے دو سو خاندانوں کیلئے کمبل اور ٹینٹ کی مانگ کی گئی تھی جسے کوئٹہ سے دالبندین پہنچایا گیا ہے، جبکہ مزید امداد کے لئے جیسے ہی درخواست کی جائے گی فوری زلزلہ متاثرہ علاقوں کو روانہ کر دی جائے گی ۔ ڈی سی او ضلع چاغی نے بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے بھیجوائی گئی امداد ی اشیا بھی لوگوں میں تقسیم کی گئی ہیں جبکہ پاک فوج کی جانب سے پانچ ٹرکوں پر مشتمل امدادی اشیا کا قافلہ دالبندین پہنچ گیا ہے ان میں ایک ہزار کمبل ، دو سو 20خیمے ،ایک ہزار دستانے اور دو سو50خوراک کے پیکٹ شامل ہیں جسے فوج اپنی نگرانی میں تقسیم کرے گی ۔زلزلہ متاثرین کے لئے ایدھی فاونڈیشن کی جانب سے عبدالستار ایدھی چار سو کمبل لے کر کل صبح دالبندین روانہ ہونگے جہاں وہ فی متاثرہ خاندان میں دس دس ہزار روپے کی امدادی رقم تقسیم کریں گے ۔