5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
حکومتی اخراجات میں30 فیصد کی کٹوتی کی جائیگی، وزیرخزانہ
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ معاشی بدحالی کے خاتمے کیلئے حکومت کی جانب سے اہم اقدامات لیے جائینگے، جس میں حکومتی اخراجات میں30 فیصد کی کٹوتی بھی شامل ہے۔یہ بات انہوں نے اوورسیز چیمبر آف کامرس میں جیو نیوز سے بات چیت میں کہی۔انہوں نے بتایا کہ تنخواہوں کے علاوہ حکومتی اخراجات میں تیس فیصد کمی لائی جائیگی،پٹرولیم مصنوعات کے فارمولے میں تبدیلی کیلئے کام جاری ہے اورنئے فارمولے میں مزید شفافیت لائی جائیگی، جبکہ بجلی اور گیس لوڈ شیڈنگ پر تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر جلد فیصلے لیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کیجانب سے مہنگائی کے خاتمے کے لیے مربوط حکمت عملی اہم مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن سمیت اہم سیاسی جماعتوں سے بات چیت مثبت ماحول میں جاری ہے اور اس بات چیت میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں، جبکہ مختلف امور پر تفیصلی بات چیت جاری ہے۔