5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
رکوڈک کیس: سماعت 19فروری سے قبل مکمل کرلی جائیگی، سپریم کورٹ
جنگ نیوز -
اسلام آباد…سپریم کورٹ نے رکوڈک کیس میں26ارکان سینیٹ کی فریق بننے کی درخواست پر متعلقہ فریقین کونوٹس جاری کرتے ہوئے منصوبے کی بنیادی دستاویزات طلب کرلی ہیں ۔ عدالت نے توقع ظاہر کی ہے کہ سماعت19 فروری سے پہلے مکمل کرلی جائیگی۔ چیف جسٹس افتخارمحمدچودھری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے بلوچستان میں سونے اور تانبے کے ذخائر کی تلاش کے رکوڈک منصوبے کے خلاف مقدمے کی سماعت کی ۔ ایک درخواست گزار وکیل رضا کاظم نے موقف پیش کیا کہ حکومت بلوچستان نے اپنے جواب میں بی ایچ پی کی درخواست جمع نہیں کرائی جو اس نے رکوڈک منصوبہ حاصل کرنے کے لیے دی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون کے تحت رکوڈک منصوبے کی ملکیت فروخت نہیں کی جاسکتی ،بی ایچ پی نے1996 میں رکوڈک میں ذخائر کی تلاش کا معاہدہ کیا اور2006 میں اسے260 ملین ڈالر میں ٹیتھیان کاپر کمپنی کو بیچ دیا۔عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان سے بی ایچ پی کمپنی کی اصل درخواست اور لائسنس کا ریکارڈ جبکہ موجودہ اور سابق چیف سیکریٹریز کو بھی طلب کر لیا ہے ۔ ٹی سی سی کے وکیل خالد انور نے مقدمہ کی سماعت ایک ہفتہ کے لیے ملتوی کرنے کی استدعا کی ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ فریقین معاہدے کی توسیع نہ کرنے کا حلف دیں تو سماعت میں التوا دیا جاسکتا ہے۔ خالد انور نے کہا کہ ٹی سی سی19 فروری تک لائسنس کی درخواست دینے کی پابند ہے، اس پر چیف جسٹس نے کہا ، عدالت کی کوشش ہے کہ رکوڈک کیس کی سماعت19 فروری سے پہلے مکمل کرلے، کیس کی مزید سماعت کل ہو گی۔