5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
سانحہ لاہور: 3شہید اہلکاروں کی نمازجنازہ ، فی کس 30لاکھ معاوضہ
جنگ نیوز -
لاہور....گذشتہ شام لاہورمیں دہشت گردی کی واردات میں شہید ہونیوالے تین پولیس اہل کاروں کی نمازجنازہ ادا کردی گئی،جس میں گورنراور وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی شرکت کی۔اردو بازار چوک میں ہونیوالے خود کش دھماکے میں پولیس اہل کاروں اللہ دتہ، آصف ندیم اور شہبازکی اجتماعی نماز جنازہ پولیس لائنزلاہور میں ادا کی گئی، شہید اہل کاروں کو پولیس کے ایک دستے نے سلامی دی، نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ شہبازشریف، گورنرپنجاب سردار لطیف کھوسہ، آئی جی پنجاب پولیس جاوید اقبال، سی سی پی او لاہور اسلم خان ترین اور دیگر اہم سیاسی،حکومتی شخصیات نے شرکت کی، نماز جنازہ میں شہدا کے ورثا بھی شریک ہوئے، بعدازاں شہدا کی میتیں ان کے آبائی علاقوں کو بھجوا دی گئیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے خودکش حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہل کاروں کے ورثا کیلئے30،30 لاکھ روپے معاوضے دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ آئی جی پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔