5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
پیر کرم علی شاہ گلگت بلتستان کے نئے گورنر مقرر،نوٹیفیکیشن جاری
جنگ نیوز -
اسلام آباد…پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے سینئر پارلیمینٹرین پیر سید کرم علی شاہ کو گلگت بلتستان کا گورنر مقرر کردیا گیا ،صدر آصف علی زرداری نے نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔پیر سید کرم علی شاہ کا تعلق گلگت بلتستان کے ضلع غذر کی تحصیل اشکومن سے ہے۔وہ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے واحد رکن ہیں جو گزشتہ چالیس سال سے مسلسل اسمبلی کے انتخابات جیتنے کا اعزاز رکھتے ہیں ۔محترمہ بے نظیر بھٹو کے پہلے دور حکومت میں پیر کرم علی شاہ گلگت بلتستان کے پہلے ڈپٹی چیف ایگزیکٹیو بھی رہے ۔ان کا شمار ذوالفقار علی بھٹو کے دیرینہ ساتھیوں میں ہوتا ہے۔گلگت بلتستان کو صوبائی درجہ ملنے کے بعد ڈاکٹر شمع خالد گورنر کے عہدے پر فائز ہوئیں جو چار ماہ بعد ہی علالت کیباعث انتقال کرگئیں تھیں،جس کے بعد قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر وزیر بیگ گزشتہ تین ماہ سے قائم مقام گورنر کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے تھے۔