5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
پانچ سال پرانی گاڑیاں درآمدکرنے کی اجازت
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وفاقی کابینہ نے5 سال پرانی گاڑیاں درآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ کا کہناہے کہ کابینہ میں تبدیلی کا فیصلہ صدر اور وزیراعظم کریں گے اور اگر معاشی حالات کی بہتری کے لیے ضروری ہوا تو بیورکریسی میں بھی کمی کا سوچاجاسکتاہے ۔کابینہ کا اجلاس وزیراعظم سیکرٹریٹ اسلام آباد میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے میڈیا کو بریفنگ میں بتایاکہ ریلوے، پیپکو، پاکستان اسٹیل ملز اور پی آئی اے کی ری اسٹرکچرنگ کا پلان تیار کر لیا گیا ہے جس پر تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کی جائے گی۔ ایک سوال پر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ معاشی ماہرین نے کہا تو بیوروکریسی میں بھی کمی کا سوچا جا سکتا ہے تاہم سرکاری اداروں میں ملازمین کی بھرتی پر پابندی کی کوئی تجویز زیر غورنہیں۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی بڑی تنظیموں کا نیٹ ورک توڑ دیا گیا ہے، اب چھوٹی چھوٹی ٹکڑیاں کارروائی کی کوشش کررہی ہیں، دہشت گردی کے خلاف سب کو مل کر لڑنا ہو گا۔ ۔وزیراطلاعات نے بتایا کہ کابینہ نے حکومت اور سیاسی جماعتوں کی معاشی ٹیمز کے درمیان جاری مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ قمر زمان کائرہ کا کہناتھا کہ کرکٹ ورلڈ کپ میچز کے حقوق کے لیے ایک میڈیا ہاؤس سپریم کورٹ گیا، عدالت نے فیصلہ دے دیا ہے، اس پر عمل کریں گے ۔ قمرزمان کائرہ نے بتایا کہ کابینہ نے مختلف ممالک کے ساتھ معاشی تعاون بڑھانے،قیدیوں کے تبادلے اور دیگرمعاہدوں کے لیے بات چیت کی اجازت دے دی ہے