5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
مخیرافراد جلسہ قومی یکجہتی کے لئے زیادہ سے زیادہ عطیات دیں ، الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے حق پرست عوام اور بالخصوص مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ ایم کیوایم کے تحت اتوار 30جنوری کو جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں منعقد ہونے والے جلسہ عام میں دل کھول کر عطیات جمع کرائیں ۔ یہ عطیات صرف ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو عزیز آباد اورایم سی بی واٹر پمپ برانچ کے اکاؤنٹ نمبر 1000916میں جمع کرائے جاسکتے ہیں ۔ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاہے کہ متحدہ قومی موومنٹ غریب و متوسط طبقے کی نمائندہ جماعت ہے جس نے ملک کے کرپٹ سیاسی نظام کے خلاف ملک بھر کے مظلوم عوام کے حقوق کے حصول کی جدوجہد کا بیڑا اٹھا رکھا ہے بلکہ حق پرستی کا پرچم بھی بلند کر رکھا ہے جس کے تلے مظلوم قومیتیں متحد ہوچکی ہیں اور اس کا ایک بے مثال مظاہرہ 30جنوری کو جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ مظلوم قومیتوں کے اتحاد کیلئے حق پرست عوام اور مخیر حضرات کی جانب سے دیئے جانے والے عطیات ملک میں قومی یکجہتی کے قیام کیلئے بھر پور کردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ خالصتاً غریب و متوسط طبقے پر مشتمل جماعت ہے اور اس میں کوئی جاگیر دار ، سرمایہ دار اور وڈیرہ شامل نہیں ہے اس کے تمام اخراجات عوامی عطیات سے ہی پورے کئے جاتے ہیں ۔ الطاف حسین نے تمام قومیتوں سے تعلق رکھنے والے حق پرست عوام اور مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ قومی یکجہتی جلسہ عام کے سلسلے میں اپنے عطیات زیادہ سے زیادہ تعداد میں جمع کرائیں اور مظلوم قومیتوں کے اتحاد میں شامل ہوکر ملک و قوم کو ترقی و خوشحالی کی جانب مائل کرنے اور ان میں نفرتوں کے خاتمے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔ دریں اثناء قائد تحریک الطاف حسین نے ایم کیوایم کراچی تنظیمی کمیٹی کے رکن فاروق بیگ کی والدہ محترمہ زبیدہ بیگم اور چھوٹے بھائی راشد بیگ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیا ن میں الطاف حسین نے مرحومین کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا کرے ۔ (آمین)