تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

حق پرست تحریک فرسودہ نظام کے خاتمے کے لیے کوشاں ہے ، نادیہ گبول

جنگ نیوز -
کراچی …متحدہ قومی موومنٹ کے صوبائی وزراء نادیہ گبول اور نثار پہنورنے کہا ہے کہ 98فیصد مظلوم عوام کے اتحاد کو کوئی سازش ختم نہیں کرسکتی اور 30جنوری کو جناح گراؤنڈ میں ہونے والا قومی یکجہتی جلسہ عام اس اتحاد کو دوام بخشے گا ۔ یہ بات انہوں نے جلسہ عام کے سلسلے میں ایم کیوایم کراچی مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی کے زیراہتمام جاری عوام رابطہ مہم کے سلسلے میں بن قاسم سیکٹر کی بھینس کالونی ، خواستی بروہی گوٹھ بفرزون نارتھ ناظم آباد اور گڈاپ سیکٹر کے ہندو آدم گوٹھ میں منعقدہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی شیخ صلاح الدین ،وزیراعلیٰ سندھ کے حق پرست مشیر غلام حیدر راہو ، محترمہ ہیر سوہو ، ایم او سی کے جوائنٹ انچارجز عارف حیدر ، اسلم بلوچ اور اراکین بھی موجود تھے ۔ اجتماعات میں مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں ، بزرگوں اور خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور جلسہ عام میں بھر پور شرکت کی یقین دہانی کرائی ۔ نثار پہنور اور محترمہ نادیہ گبول نے کہاکہ ایم کیوایم انقلابی تحریک ہے اور ملک پر قابض فرسودہ جاگیردارانہ ، وڈیرانہ اور سردارانہ نظام کے خاتمے کیلئے اپنا عملی کردار ادا کررہی ہے اور یہ عملی کردار ان قوتو ں کو ایک آنکھ نہیں بہا رہا ہے جو مختلف قومیتوں کے اتحاد کے کھلے دشمن ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ الطا ف حسین نے تمام قومیتوں کو حق پرستی کا پلیٹ فارم مہیا کردیا ہے جس سے وہ اپنے اپنے حقوق کے حصول کی جدوجہد کررہے ہیں اور مظلوم قومیتوں کے اتحاد کے دشمن یہ نہیں چاہتے کہ ملک کی مظلوم قومیتیں حق پرستی کے پرچم تلے اکٹھی ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ 30جنوری کو جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں ہونے والا جلسہ عام میں مختلف قومیتوں کے نوجوانوں ، بزرگوں اور خواتین کی بھر پور شرکت سے ثابت کر دے گا کہ ایم کیوایم قومی جماعت ہے ۔جو ملک سے جاگیردارانہ نظام کا خاتمہ ہوگا اور 98 فیصد غریب عوام کا انقلا ب چاہتی ہے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 30جنوری کو جنا ح گراؤنڈ عزیز آباد میں ہونیوالے جلسہ میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں۔دریں اثناء 30جنوری کے جلسہ عام کے سلسلے میں متحدہ آرگنائزنگ کمیٹی کراچی کے زیر اہتمام گلزار ہجری سکندر گوٹھ میں اجتماع ہوا جس سے حق پرست رکن سندھ اسمبلی مزمل قریشی ، ایم او سی کے جوائنٹ انچارج مرزا اعجاز بیگ ، اراکین خالد محمود اعوان اور نادر دشتی نے خطاب کیا ۔ اجتماع میں مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ مقررین نے کہاکہ 30جنوری کا جلسہ عام غریب و متوسط طبقے کے ملک بھر میں آنے والے اس انقلاب کی سمت متعین کردیگا جس کی قائدتحریک الطاف حسین بات کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سازشی عناصر ملک بھر میں مختلف قومیتوں کے اتحاد سے خوفزدہ ہیں اور اسی سلسلے میں ایم کیوایم کے خلاف نت نئی اور گھناؤنی سازشوں میں مصروف ہیں ۔ ایم کیوایم نے حق پرستی کا جو علم اٹھایا ہوا ہے اسے کراچی سمیت ملک بھر کی مظلوم قومیتوں نے تھام لیا ہے اور اب مظلوم قومیتوں کے اتحاد کو ناکام بنانے کی سازشیں کرنے والے راندہ درگاہ ہوجائیں گے اور ان کی تمام سازشیں ملیا میٹ ہوجائیں گی ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.