5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
45 ایف سولہ طیاروں کی اپ گریڈیشن ترکی میں ہورہی ہے،ائیرچیف
جنگ نیوز -
اسلام آباد…پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل راؤ قمر سلیمان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کے کردار کا خراج تحسین پیش کیا ہے ، ایئرچیف نے بتایا ہے کہ پاک فضائیہ کے 45 ایف سولہ طیاروں کی ترکی میں اپ گریڈیشن ہورہی ہے۔ ایئرچیف مارشل نے اسلام آباد کی پولیس لائنز میں ایک تقریب کے بعد میڈیا سے گفت گو میں کہا کہ نئے ایف سولہ اور جے ایف سیونٹین تھنڈر طیاروں کے نئے اسکوارڈنز مارچ میں تشکیل دے دیئے جائیں گے ، انہوں نے بتایا کہ فضائیہ کے پاس اکیس جے ایف سیونٹین تھنڈر تیار حالت میں جبکہ نو تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں ، اس سے پہلے پاسنگ آؤٹ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب میں ایئر چیف مارشل نے کہا وطن کی خاطر جان دینے والے پولیس والوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور مسلح افواج مل کر کوشاں ہیں اور ملک سے دہشت گردی کا یقینی خاتمہ ہوگا۔