5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
حج کرپشن اسکینڈل: حکومت کو تمام کنٹریکٹ بھرتیوں پر نظرثانی کی ہدایت
جنگ نیوز -
اسلام آباد…ایف آئی اے نے حج اسکینڈل کیس میں سپریم کورٹ کو بتایا ہے کہ برطرف وزیر حامد سعید کاظمی کے ملزموں احمد فیض اور راؤ شکیل سے روابط ثابت ہوگئے ہیں۔عدالت نے حکومت کو تمام کنٹریکٹ بھرتیوں پر نظرثانی کی ہدایت کرتے ہوئے ملک بھر میں او ایس ڈی بنائے گئے پولیس آفیسرز کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔چیف جسٹس افتخارمحمد چودھری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے آٹھ رکنی خصوصی بنچ نے حج اسکینڈل کیس کی سماعت کی۔ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈی جی جاوید بخاری نے اسکینڈل کے مبینہ کردار اور وزارت آئی ٹی کے مشیر ، زین سکھیرا کابیان پیش کیا ،جس میں زین سکھیرا نے کہا کہ وزیراعظم کا صاحبزادہ عبدالقادر گیلانی اسکا بچپن کا دوست ہے جبکہ راؤ شکیل سے اسکی جولائی2010 میں ملاقات ہوئی تھی، عبدالقادر گیلانی نے دبئی سے نئے ماڈل کی بلٹ پروف گاڑی منگوائی تھی ، ایڈیشنل ڈی جی نے بتایا کہ احمد فیض ابھی گرفتار نہیں ہوا، سعودیہ گئی ہوئی ایف آئی اے ٹیم کو کہا گیاہے کہ اس کی گرفتاری تک واپس نہ آئے ، عدالت کو اٹارنی جنرل نے بتایا کہ گریڈ19 سے22 میں پولیس اور ایف آئی اے میں کنٹریکٹ پر9 آفیسر ہیں ، ان میں سے5آفیسرز کے تقرر میں محکمانہ سمری شامل تھی۔ چیف جسٹس نے او ایس ڈی پولیس آفیسرز کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ گڈ گورننس لانا ہے تو نوجوان آفیسرز کو موقع ملنا چاہیے، سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کو کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کو پیغام دیں کہ غیرقانونی کنٹریکٹ بھرتیوں کے خلاف اقدام کریں۔