5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
لاہور: امریکی شہری کی فائرنگ،بھاگنے کی کوشش، دو افراد جاں بحق
جنگ نیوز -
لاہور…لاہور میں ایک غیر ملکی شخص کی فائرنگ اور اس کی گاڑی کی ٹکر سے دو افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی کا آپریشن جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق لاہور کے پر ہجوم علاقے مزنگ چوک میں ایک غیر ملکی شخص نے موٹرسائیکل پر سوار دو افراد پر فائرنگ کردی اور وہاں سے فرار ہونے کی کوشش میں کئی افراد کو ٹکرماری، تاہم پولیس نے اسے حراست میں لے لیا۔ دوسری جانب زخمیوں کو سروسز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں موٹرسائیکل سوار ایک زخمی اور کارکی ٹکر سے زخمی ہونیوالا شخص جاں بحق ہوچکا ہے، جبکہ موٹرسائیکل پر سوار دوسرے شخص کی حالت بھی تشویشناک ہے، اور اس کا آپریشن جاری ہے۔ ملزم کے بارے میں بتایا جاتاہے کہڈیوڈ نام کا یہ شخص امریکی شہری ہے اور امریکی قونصلیٹ میں ملازم ہے۔ واقعے کے بعد لوگوں میں شدید اشتعال پھیل گیا اور وہ نیو انارکلی تھانے کے باہر جمع ہوکر احتجاج کرنے لگے اور ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی ،ان کا مطالبہ تھا کہ ملزم کو ان کے حوالے کیا جائے، پولیس نے خطرے کے پیش نظر ملزم کو پرانی انارکلی منتقل کردیا ہے۔ادھر سروسز اسپتال میں مریضوں کے لواحقین کا ایمرجنسی میں داخلہ بند کردیا گیاجس پرانہوں نے شدید احتجاج کیاتو گارڈ ز نے ان پر شدید لاٹھی چارج بھی کیا ہے۔ ملزم کا کہنا ہے کہ اس اپنی جان بچانے کیلئے فائرنگ کی تھی۔ملزم سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا ہے۔