5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کالا ڈھاکہ خیبر پختونخواہ کا علاقہ قرار،صدر زرداری نے دستخط کر دیئے
جنگ نیوز -
اسلام آباد…حکومت نے قبائلی علاقے کالا ڈھاکہ کو خیبر پختونخواہ کا آباد کار علاقہ قرار دے دیا ہے ،صدر آصف علی زرداری نے دستخط کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اتفاق رائے کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں،ملک کو درپیش چیلنجز بہت بڑے ہیں جن سے کوئی پارٹی تنہا نہیں نمٹ سکتی۔قبائلی علاقے کالا ڈھاکہ کو خیبر پختونخواہ کا آباد کار علاقہ قرار دینے کی دستاویزات پر دستخط کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی جس میں گورنر خیبر پختونخواہ اویس احمد غنی، وزیر اعلیٰ سرحد امیر حیدر خان ہوتی،ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی،وفاقی و صوبائی وزرا،فاٹا اور صوبے کے ارکان اسمبلی نے شرکت کی۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر زرداری نے کہا کہ تمام فریقین کو اعتمادمیں ٰ لینے کی پالیسی جاری رکھی جائے گی،انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے،صدر زرداری نے کہا کہ حکومت ملک کے دور دراز علاقوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے عزم پر قائم ہے،اسی لیے قبائلی علاقوں اور پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ میں اصلاحات اور فرنٹئیر کرائمز ریگولیشن میں ترامیم کا فیصلہ کیا اور قبائلی علاقوں میں سیکیورٹی کی صورتحال میں بہتری کے ساتھ ہی ان ترامیم کا نفاذ کر دیا جائے گا،صدر نے وفاقی و صوبائی حکومت کو ہدایات دیں کہ کالا ڈھالہ کے لئے خصوصی ترقیاتی منصوبہ تیار کیا جائے۔