5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
دہشتگرد شیعہ سنی فساد کے لئے فنڈنگ کر رہے ہیں،رحمان ملک
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وزیرداخلہ رحمان ملک نے کہاہے کہ دہشت گرد اب شیعہ سنی فسادات کے لئے فنڈنگ کررہے ہیں جس کو روکاجارہاہے کراچی میں6خودکش حملہ آوربھی پکڑے گئے ہیں۔وزیرداخلہ کا کہناہے کہ پاکستان میں افغانستان سے اسلحہ بارود کی سپلائی آرہی ہے ،پاکستان سے ڈومور کا مطالبہ بند کرکے ہماری اخلاقی حمایت اور قانون نافذ کرنے کی تربیت میں مدد دی جائے۔اسلام آباد میں ایک غیر سرکاری تنظیم کے سمینار کے بعد اپنے خطاب میں وزیرداخلہ نے کہاکہ دہشت گردی کا شکار ہوکر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہدا اور سویلین کی مداوا کرنے کے لئے اعداد وشمار جمع کرنے کا ٹاسک نادرا کو دیاجارہاہے اور اس معاوضے کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے وکٹم سپورٹ پروگرام شروع کیاجائے گا جس کی منظوری وزیراعظم دیں گے۔وزیرداخلہ نے کہاکہ پاکستان میں دہشت گردوں کے گروپس کے خاتمے کے لئے فوج اور پولیس نے قربانیاں دیں ہیں اور ہم دنیا کو بچانے کے لئے اپنی جانیں قربان کررہے ہیں لہٰذا ہم سے ڈو مور کا مطالبہ بند کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں دہشت گردوں کا صفایا کیاجارہاہے لیکن افغانستان سے اسلحہ کی سپلائی آرہی ہے جس کی کئی مرتبہ شکایت صدر کرزئی اور اتحادیوں کو بھی کی ہے کہ انہیں اس سپلائی روٹ کے سٹیلائیٹ امیجز کیوں نہیں ملتے اور انہیں کیوں نہیں روکا جارہاہے۔انہوں نے کہاکہ اگر دہشت گردوں کو پاکستان اور افغانستان میں نہ روکا گیا تو یہ پورے ریجن اور دنیا میں پھیل سکتے ہیں