5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
نوابزادہ شاہ زین بگٹی کی نائن زیروآمد،اراکین ابطہ کمیٹی سے ملاقات
جنگ نیوز -
کراچی…جمہوری وطن پارٹی کے صوبائی صدر نوابزادہ شاہ زین بگٹی کی سربراہی میں 4رکنی وفد نے جمعرات کی دوپہر متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیرو عزیز آباد پر رابطہ کمیٹی کے ارکان یوسف شاہوانی ، کنور خالد یونس ، واسع جلیل اور اشفاق منگی سے ملاقات کی ۔ ایم کیوایم کے کنوینر و شہید انقلاب ڈاکٹر عمران فاروق کی شہادت پر دلی تعزیت و افسوس کااظہار کیا ۔ ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہی جس میں بلوچستان سمیت ملک کی مجموعی سیاسی ، سماجی اورمعاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔جمہوری وطن پارٹی کے وفد میں جہانگیر شاہ ، مہر جمال بگٹی ، فرخ ملک اور مکیش کلہی شامل تھے جبکہ اس موقع پر ایم کیوایم کراچی مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی کے جوائنٹ انچارج اسلم بلوچ اور متحدہ آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن بھی موجود تھے ۔ اس سے قبل رابطہ کمیٹی کے ارکان نے جمہوری وطن پارٹی کے وفد کا نائن زیرو پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا ۔ ملاقات میں رابطہ کمیٹی کے اراکین نے شاہ زین بگٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ قائدتحریک الطاف حسین نے بلوچستان کے مسائل پر شروع دن سے ہی آواز بلند کی ہے ، ایم کیوایم نے بلوچستان میں جاری ظلم و زیادتی اور آپریشن کے حقائق معلوم کرنے کیلئے ایک وفد تشکیل دیا تھا جسے بلوچستان آنے سے منع کردیا گیا جس پر قائد تحریک الطاف حسین کو بہت دکھ ہوا تھا اور اس واقعہ پر ہمیں بھی بہت دکھ ہوا ہے ۔ رابطہ کمیٹی کے ارکان نے کہا کہ بلوچستان میں غربت ہے وہاں کی حکومت چاہے تو بلوچستان کے عوام کو ریلیف مل سکتا ہے بلوچستان کے عوام اور بلوچستان کی سب سے بڑی ہمدرد ایم کیوایم اور قائد تحریک الطاف حسین ہی ہیں ۔ ملاقات میں شہید انقلاب ڈاکٹر عمران فاروق کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔