تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

میرپورخاص:اسکول کے کمروں پر سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں کا قبضہ

جنگ نیوز -
میر پورخاص… میرپورخاص کے قدیم ہائی اسکول کے کلاس رومز پر مختلف سرکاری اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں نے گزشتہ تین سالوں سے قبضہ کررکھا ہے۔اور اس لوٹ مار میں حکومتی پارٹی کی طلبہ تنظیم نے بھی اپنا حصہ لے رکھاہے۔شہید قائد عوام ذولفقار علی بھٹو گورنمنٹ ہائی اسکول کے کم از کم آٹھ کلاس رومز پر غیر متعلقہ اداروں اور ایک طلبہ تنظیم نے صرف طاقت کے بل پر قبضہ کررکھا ہے۔ جس سے نہ صرف اسکول کے 8 سو سے زائد طلبہ کی تعلیم بری طرح متاثر ہورہی ہے بلکہ اس اسکول کا وقار بھی بری طرح مجروح ہورہاہے جس میں میرپورخاص سے تعلق رکھنے والے بیشتر نامی گرامی سیاست دانوں نے بھی تعلیم حاصل کی۔ اسکول کے تین کمرے بیرونی فنڈ سے چلنے والی ایک غیر سرکاری تنظیم ایڈ لنک کے قبضے میں ہیں۔ مزید تین کلاس رومز ، ٹیچرز ریسورس سینٹر یا ٹی آر سی نامی ایک ایسے غیر معروف ادارے کے نام پر چند افراد نے ہتھیارکھے ہیں جس کا کوئی باقاعدہ اسٹاف تک موجود نہیں ہے۔ تین کمروں پر بے نظیر شہید انکم سپورٹ پروگرام کے عملدار قابض ہیں جنہوں نے ایک کلاس روم کو کچن کی شکل دے کر چائے پانی کا باقاعدہ انتظام بھی کر رکھا ہے۔ حکومتی جماعت کی طلبہ تنظیم نے بھی موقع سے فائدہ اٹھایا اور ایک کمرے پر قبضہ کرکے بطور گودام استعمال میں لے رکھاہے ۔ یہی نہیں، اس اسکول کے ہاسٹل کی عمارت کو پہلے شاہ عبدللطیف پرائمری اسکول میں تبدیل کیا گیا اور پھر اس اسکول کے بھی چار سے زائد کلاس رومز پر پبلک سیفٹی کمیشن کی تختی لگا کر قبضہ کر لیا گیاہے۔ محکمہ تعلیم ذرائع کے مطابق اس اسکول کے وقار کی بحالی اور قبضہ خوروں سے کلاس رومز خالی کرانے کیلئے محکمے کی ایک قابل احترام خاتون افسر نے اعلیٰ حکام کو مراسلے لکھے تو ضلع انتظامیہ کے ساتھ محکمہ تعلیم کے افسران نے بھی ان کا جینا دوبھر کردیا ۔ لامحالہ خاتون افسر نے خاموشی سے اسکول خالی کرانے کا خیال دل سے نکالتے ہوئے اپنی تحریری شکایات واپس لے لیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.