5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
آج رات کشمیر، بالائی و شمالی علاقوں میں بارش و برف باری کا امکان
جنگ نیوز -
اسلام آباد…اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا جبکہ آج رات اور ہفتہ کو کشمیر ، گلگت بلتستان،راول پنڈی، مالاکنڈ، ہزارہ، قلات، کوئٹہ اور ژوب ڈویژن میں بعض مقامات پرہلکی بارش کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے زیادہ تر پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہے گی ۔ گذشتہ24گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہا ۔آج سب سے کم درجہ حرارت کالام میں منفی12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسکردو میں منفی10، گوپس اور استور میں منفی9 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔دوسری جانب ملک کے شمالی و بالائی علاقے خشک سردی کی لپیٹ میں ہیں ۔ استور میں حالیہ برف باری کے باعث سڑکیں بند ہونے سے مقامی افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اسکردو اور گردونواح کے علاقے بدستور سخت سردی کی لپیٹ میں ہیں ۔ضلع استور میں شدید برف باری سے رابطہ سڑکیں برف سے ڈھک گئی ہیں جس سے کھانے پینے کی اشیا کے حصول میں مقامی افراد کو مشکلات کا سامنا ہے ۔کرم ایجنسی میں کوہ سفید پر برف باری کے بعد علاقے میں سردی کی شدت بڑھ گئی ہے ۔کالام اورمالم جبہ سمیت سوات کے بالائی علاقوں اور ایبٹ آباد سمیت گلیات کے بیشتر علاقوں میں خشک اور سرد موسم برقرار ہے۔ مظفرآباد، وادی نیلم ، جہلم اور میرپور آزاد کشمیرمیں بھی خشک اور سرد ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ ادھر شمالی بلوچستان کے اضلاع بھی خشک سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج شام تک شمالی و بالائی علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔