5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ملتان: ڈاکٹر کے غلط انجکشن لگانے سے نوجوان بازوسے محروم
جنگ نیوز -
ملتان…ملتان کی تحصیل شجاع آباد میں ڈاکٹر کے مبینہ غلط انجکشن کے باعث 17 سالہ نوجوان کو اپنے بازو سے محروم ہونا پڑے گا ۔متاثرہ نوجوان عمران کے مطابق اسے3 روز قبل بخار ہوا جس پر وہ اپنا طبی معائنہ کروانے گھر کے قریب ظریف شہید روڈ پر موجود ایم ۔ بی ۔ بی ۔ ایس ڈاکٹر کے پاس گیا ،ڈاکٹر نے اسے ایک انجکشن لگایا انجکشن کے لگتے ہی اس کا ہاتھ سن ہو گیا اور سیاہ پڑنے لگا ۔ جس کے بعد اسے ملتان کے ایک نجی اسپتال لایا گیا جہاں کے سینئر ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا کے مطابق عمران کو غلط انجکشن لگایا گیا ہے جس سے اس کا دایاں بازو سیاہ پڑ گیا ہے اگر عمران کے بازو کو اس کے جسم سے علیحدہ نہ کیا گیا تو انجکشن کا زہر اس کے باقی جسم میں بھی پھیلنے کا خدشہ ہے ۔ تاہم فی الحال عمران کے دائیں بازو کو اس کے جسم سے علیحدہ نہیں کیا گیا ۔عمران نویں جماعت طالب علم ہے اور اپنی پڑھائی جاری رکھنا چاہتا ہے۔عمران کے والدین نے ڈاکٹر کیخلاف کارروائی کرنے اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے واقعہ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔