5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ریمنڈ ڈیوس کیخلاف کارروائی پاکستانی قانون کے مطابق ہو گی،راناثنااللہ
جنگ نیوز -
لاہور…وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ دو افراد کو قتل کرنیوالے امریکی باشندے ریمنڈ ڈیوس کیخلاف کاروائی پاکستانی قانون کے مطابق ہو گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کسی بھی قسم کے دباؤ کے بغیر انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہو ئے رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ مقتولین کے بھائی کی درخواست پر ریمنڈ ڈیوس کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔جس نوجوان کو گاڑی تلے روند کرقتل کیا گیا اس کے بھائی کی درخواست پر بھی302 کا ہی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔رانا ثناا للہ نے بتایا کہ امریکی قونصلیٹ نے دوسری گاڑی اور ڈرائیور کو آج شام تک پنجاب حکومت کے حوالے کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ مقتول سے برآمد ہونیوالے پسٹل کا لائسنس اسکے گھروالوں نے فراہم کر دیا ہے۔ رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ ریمنڈ ڈیوس کیخلاف اسلحہ رکھنے کا مقدمہ الگ سے درج کیا گیا ہے۔ ریمنڈ ڈیوس کے پاس دو ہزار بارہ تک کا وزٹ ویزہ ہے۔