5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
2006:امریکا مسلمانوں میں مخالف جذبات ختم کرنے کیلئے سرگرم رہا
جنگ نیوز -
ہیگ … امریکا نے ہالینڈ میں بیٹھ کر مسلم کمیونٹی میں امریکا مخالف جذبات کو ٹھنڈا کرنے کی کافی تگ و دو کی۔یکم نومبر 2006ء کوہیگ میں لیڈر شپ کانفرنس آن سول رائٹس ایجوکیشن فنڈ کے زیر اہتمام ایک ملاقات کا اہتمام کیا گیا جس میں امریکی نژاد مسلمان باشندوں سمیت ڈچ مسلمان، سرکاری عہدیداران، پالیسی ایکسپرٹس، شہری حقوق اور تاجر برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ ملاقات کا مقصد مختلف مذاہب کے لوگوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا اور امریکن سوسائٹی میں مسلمانوں کیخلاف امریکی مخالف جذبات کو ختم کرنا تھا۔ امریکی سفیر کے 29نومبر 2006ء کے مراسلے کے مطابق شرکاء اس بات پر متفق تھے کہ مختلف مذاہب اور قوموں کے درمیان براہ راست رابطے ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے انتہائی ضروری ہے۔ اس مقصد کیلئے پریس میڈیا کی خدمات حاصل کرنے پر زور دیا گیا۔ بعد میں امریکا اور ہالینڈ کی ان مشترکہ کوششوں کو ڈچ اخبار نے اپنی رپورٹ میں غیر معمولی اقدام بھی قرار دیا تھا۔