5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کوئٹہ: مغوی بچے کو بازیاب کرالیاگیا، خاتون سمیت دو ملزم گرفتار
جنگ نیوز -
کوئٹہ …کوئٹہ میں پولیس نے تاوان کیلئے اغوا کردہ ایک کمسن بچے کو بازیاب کرکے اس کے اغوا میں ملوث ایک خاتون سمیت دو افراد کو گرفتار کرلیا، اغوا کاروں کی جانب سے بچے کی بازیابی کیلئے پانچ کروڑ روپے تاوان طلب کیا گیا تھا۔کوئٹہ میں ڈی آئی جی پولیس وزیر خان ناصر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ کوئٹہ کے علاقے شہباز ٹاون سے رواں ماہ کی سات تاریخ کو ایک کم سن بچے یاسین کو چند نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا تھا ۔ واقعہ کی رپورٹ درج کرنے کے بعد اس کی بازیابی کیلئے کوششیں شروع کردی گئیں۔دوسری جانب اغوا کاروں نے بچے کے خاندان سے ان کی بازیابی کیلئے پانچ کروڑ روپے کا تاوان طلب کیا تھا،تاہم پولیس نے بچے کی بازیابی کی کوششیں جاری رکھیں اور پھر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گذشتہ رات اغوا کاروں کے ٹھکانے پر کلی دیبہ کے ایک گھر پر چھاپہ مارا اور وہاں سے زنجیروں میں جکڑے ہوئے کم سن مغوی بچے کو بحفاظت بازیاب کرالیا ۔ کارروائی میں بچے کے اغوا میں ملوث ایک خاتون سمیت دو ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ملزم کی نشاندہی پر اس کے ساتھ نعیم کے گھر سریاب روڈ پر وفاقی گورنمنٹ کالونی میں ریڈ کرکے ایک آلٹو کار، ایک سوزوکی جیپ، ایک رکشہ، ایک موٹر سائیکل اور520کارتوس بھی برآمد کرلئے جبکہ اسی گروہ کے ملزمان جنہوں نے تھانہ گوالمنڈی کے علاقہ سے تین روز قبل اغوا کئے گئے حیات اللہ کو بھی بازیاب کرالیا۔