5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
بدعنوان اور عوام کاخون چوسنے والوں کااحتساب کرینگے،رابطہ کمیٹی
جنگ نیوز -
کراچی …متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ا رکان ڈاکٹرصغیراحمد، اشفاق منگی ،یوسف شاہوانی نے کہاکہ 2011ء ملک میں انقلاب کاسال ثابت ہوگاایم کیوایم کرپشن ، قومی دولت لوٹنے ،مذہب کے نام دہشت گردی کرنیو الوں اورمہنگائی بڑھاکرعوام کاخون چوسنے والوں کااحتساب کریگی۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ابراہیم حیدری اتحادٹاؤن فٹبال گراؤنڈمیں منعقدہ مختلف قومیتوں اورمذاہب کے ماننے والے عوام کے بڑے جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔ ابراہیم حیدری کاجلسہ 30 جنوری کوجناح گراؤنڈمیں ہونیوالے جلسہ قومی یکجہتی کے سلسلے میں کراچی مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی کے تحت منعقدکیاگیا۔جس میں مختلف قومیتوں سندھی ، بلوچی ، پختون ،پنجابی،سرائیکی،ہزارہ وال،گلگتی،بلتی،کشمیری،بنگالی،میمن اورمختلف برادریوں سمیت تمام مذاہب کے ماننے والے عوام نے بہت بڑی تعدادمیں شرکت کی۔ جلسے سے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان ڈاکٹر صغیر احمد، اشفاق منگی ،یوسف شاہوانی،حق پرست منتخب عوامی نمائندے نثار پنہور،طاہرکھوکھر،محترمہ ہیراسماعیل سوہو ، علیم الرحمن ،ہرگن داس، عارف مسیحی کے علاوہ دیگرنے بھی مختلف زبانوں میں خطاب کیا۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مقر رین نے کہاکہ 30جنوری کو جلسہ قومی یکجہتی میں ایسامظہرہوگاجس میں تمام قومیتوں کے عوام قائد تحریک الطاف حسین پراپنے بھرپوراعتماد کااظہارکرینگے،آج کے جلسے میں پاکستان میں بسنے والی تمام قومیت ، مذاہب اورمسلک سے تعلق رکھنے پختون،پنجابی، سندھی ، بلوچ، سرائیکی ،ہزاروہ وال،گلگتی،بلتی،کشمیری ،بنگالی ،ہندو،کرسچن اورسکھ موجود ہیں یہ انقلاب کی نوید ہے جو الطاف حسین نے دی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان کی دولت لوٹنے والے،کرپشن ،دہشت گردی ،لسانیت کی سیاست کرنے والوں اورعضبیت کی سیاست کابازارگرم کرنیو الے کااحتساب کریگی اوریہی وجہ ہے کہ وہ عناصرایم کیوایم سے خو ف زدہ ہیں اورایم کیو ایم کے خلاف سازشیں کررہے ہیں کہ ایم کیوایم اردو بولنے والوں کی جماعت ہے۔انہوں نے کہاکہ الطاف حسین کا پیغام آزادکشمیرگلگت بلتستان سمیت ملک کے گوشے گوشے میں پھیل رہاہے اورلوگ الطاف حسین کی جدوجہد میں شامل ہورہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آج پنجاب میں جرائم شرح 109 فیصد بڑھ چکی ہے تاہم پھربھی کراچی میں سازش کے تحت تاثردیاجارہاہے کہ یہاں لسانیت کی بنیادپرایک دوسرے کولڑانے کیلئے قتل وغارت گری کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جولوگ کہتے ہیں کہ ایم کیوایم لسانی اوردہشت گرد جماعت وہ دیکھ لیں کہ ایم کیوایم لسانی اوردہشت گردجماعت نہیں بلکہ انقلابی جماعت ہے جس میں تمام قومیتوں اورمذاہب کے لوگ شامل ہیں اور اپنے حقوق کی جدوجہد کررہے ہیں۔ بھٹ شاہ کے جلسے سے ثابت ہوگیاکہ ایم کیوایم پورے سندھ میں ہے اوراب جلسہ قومی یکجہتی بھی ثابت کردے گاایم کیوایم پورے پاکستان میں ہے بلکہ عوام کی دلوں کی ڈھرکن بن چکی ہے۔ انہوں تمام قومیتوں کے عوام سے اپیل کی کہ وہ 30، جنوری کے جلسہ میں شرکت کرکے باطل قوتوں کی سازشوں کوخاک میں ملادیں۔