تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

تاجروں کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پرحل کرینگے،وزیراعظم کی الطاف حسین سے گفتگو

جنگ نیوز -
لندن…منہاج الراب…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین اوروزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے درمیان ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ بھی موجود تھے ۔ الطاف حسین اور وزیراعظم کے درمیان ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، صوبہ پنجاب میں امن وامان کی مخدوش صورتحال ، کراچی میں بھتہ خوری کے واقعات سے تاجر برادری میں پائی تشویش اور دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔ الطاف حسین نے وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں کی جانب سے تاجروں ، صنعتکاروں اور دکانداروں کو بھتہ کی پرچیاں دی جارہی ہیں اوربھتہ نہ دینے پران کے اہل خانہ کے افراد کو اغواء اور انہیں قتل کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں جس کے باعث تاجروں اورصنعتکاروں میں شدید غم وغصہ ہے اور وہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ کراچی کے تاجروں اورصنعتکاروں کو بھتہ خوروں سے نجات دلائی جائے اورتاجروں اور صنعتکاروں کو جان ومال کا تحفظ فراہم کرنے کیلئے اپنا بھرپورکردارادا کریں۔ وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی نے الطاف حسین کو یقین دلایا کہ کراچی کے تاجروں کو ہراساں کرنے والے عناصر کو ہرگز رعایت نہیں دی جائے گی اور حکومت اس مسئلہ کوترجیحی بنیادوں پرفوراً حل کرے گی ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی ،پاکستان کا معاشی حب ہے اور ہم تمام سیاسی قوتیں مل کر کراچی کے تاجروں اورصنعتکاروں کو درپیش مسائل حل کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ کراچی سے بھتہ خوری کا قلع قمع کرکے شہریوں کو جان ومال کا تحفظ فراہم کیا جائے گا، صنعتکاروں اورتاجروں کو جرائم پیشہ عناصر سے نجات دلائی جائے گی ۔




متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.