5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
اہلخانہ ڈیرہ بگٹی کی طرف مارچ شروع کرینگے، شاہ زین بگٹی
جنگ نیوز -
کوئٹہ…جمہوری وطن پارٹی بلوچستان کے صدر نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے کہا ہے کہ ڈیرہ بگٹی کی جانب ان کے خاندان کی عورتیں اور بچے لانگ مارچ کررہے ہیں، انہیں دو گھنٹے کے اندر سکیورٹی فراہم کی جائے اور اور تمام رکاوٹیں ہٹائی جائیں، اگر انہیں نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری صوبائی حکومت پر ہوگی۔کوئٹہ میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے، نوابزادہ شاہ زین بگٹی کا کہنا تھا کہ اگر انہیں لانگ مارچ میں شرکت کے لئے کوئٹہ شہر سے باہر جانے کی اجازت نہیں تو ان کی فیملی کے افراد لانگ مارچ میں شرکت کریں گے، اگر انہیں کوئی نقصان ہوا تو اس کی ذمہ داری گورنر بلوچستان، وزیر اعلیٰ اور صوبائی وزرا پر عائد ہوگی، انہوں نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ لانگ مارچ روکنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔ اور وہ اپنی اور بھائی گہرام بگٹی کی ضلع بندی کے خلاف سوموار کو ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے، اس سے قبل ڈی آئی جی پولیس انوسٹی گیشن قاضی عبدالواحد اور ایس ایس پی سکیورٹی خالد مسعود لانگ مارچ میں شرکت روکنے کے حوالے سے مذاکرات کے لئے شاہ زین بگٹی کی رہائش گاہ پہنچے اور انہیں اس حوالے سے قائل کرنے کی کوشش کی کہ ان کے لانگ مارچ میں شرکت کے لئے کوئٹہ شہر سے نکلنے سے نقص امن کا خدشہ ہے، لہذا وہ شہر سے باہر نہ جائیں،اس موقع پر میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ کی جانب سے اعلامیہ میں ان پر شہر سے باہر نکلنے پر پابندی ہے، شہر کے اندر نہیں اور انہیں اس اعلامیہ کے مطابق گھر میں نظر بند بھی نہیں کیا گیا، اس حوالے سے حکام کی جانب سے مزید احکامات کا انتظار کیا جارہا ہے۔