5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
سہولتوں کی فراہمی:حکومت سندھ اور یو ایس ایڈ میں معاہدہ
جنگ نیوز -
کراچی …سید مہناج الرب… وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ اور یو ایس ایڈ کے مابین صوبہ کے مختلف شہروں میں سوک سہولیات کی فراہمی کی مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے ہیں جس میں پہلے مرحلے میں صوبہ سندھ کے سیلاب سے شدید متاثرہ چار شہروں جیکب آباد، گڑھی خیرو، قبو سعید خان اور خیرپور ناتھن شاہ میں تباہ شدہ میونسپل کی سہولیات کی نئے سرے سے تعمیر نو کی جائے گی، جو ان شہروں میں پہلے سے میسر سہولیات سے بہتر ہونگی، جبکہ دیگر متاثرہ شہروں اور دیہاتوں میں بھی سہولیات فراہم کرنے کا کام شروع کیا جائے گا۔ یہ بات آج انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں یو ایس ایڈ اور حکومت سندھ کے بامین مفاہمتی یاداشت نامے پر دستخط کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہاکہ حالیہ سیلاب کے دوران سندھ کے تقریباً 70 لاکھ افراد اور -11 ہزار گوٹھ اور چھوٹے بڑے شہر متاثر ہوئے تھے، اس کے لئے دریائے سندھ کے حفاظتی پشتوں کی بحالی کیلئے -16 ارب روپے کی ضرورت ہے جس کیلئے وفاقی حکومت سے فنڈس کی فراہمی کیلئے کہا گیا ہے ۔ گدو سے لیکر سمندر تک 1300 کلومیٹر بندوں کی تعمیر کوئی آسان کام نہیں ہے، مگر پھر ہماری پوری کوشش ہے کہ آئندہ ممکنہ سیلاب سے پہلے ان حفاظتی بندوں کی دوبارہ تعمیرکی جائے۔دریں اثناء یو ایس ایڈ اور سندھ حکومت کے میونسپل سروسز ڈلیوری پروگرام کی فراہمی کے لئے ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوئی۔ ایم او یوپریو ایس ایڈ کی جانب سے جیمز اے وارین سینئر ایڈوائیزر ڈپلومیسی/فرسٹ سیکریٹری امریکی قونصلیٹ جنرل نے دستخط کئے جبکہ سندھ حکومت کی جانب سے ڈاکٹر قاضی مسعود چیف اکنامسٹ محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات نے دستخط کئے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، صوبائی وزیر آبادکاری حاجی مظفر شجرہ، صوبائی مشیر منصوبہ بندی و ترقیات قیصر بنگالی بھی اس موقع پر موجود تھے۔