تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

کوہاٹ ٹنل میں خودکش حملہ ،دوخواتین سمیت5افراد جاں بحق،متعدد زخمی

جنگ نیوز -
کوہاٹ ... کوہاٹ ٹنل میں ہونے والے خودکش حملے میں دوخواتین سمیت پانچ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ جبکہ دوسرا دھماکا درہ آدم خیل انڈس ہائی وے پر ایک آئل ٹینکر میں کیا گیا جہاں مسافرکوچ اور ایک کنٹینر سمیت متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور کئی افراد زخمی ہوئے۔ دونوں دھماکوں کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کرلی ہے۔کوہاٹ ٹنل میں دہشت گردی کی بدترین کارروائی کی گئی۔ جہاں عینی شاہدین کے مطابق خودکش حملہ آور نے بارود سے بھرا ٹرک ٹنل کی دیوار سے ٹکرا دیا۔ حملے میں دوخواتین سمیت پانچ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ دھماکے سے ٹنل کو بھی شدید نقصان پہنچا جہاں دھماکے کی جگہ پر گہرا کھڈا پڑ گیا ہے۔ بم ڈسپوزل اسکوارڈ کے مطابق ٹنل میں ہونے والے خود کش حملے میں500 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا ہے۔ حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے ٹنل کی طرف جانے والے تمام راستوں کو سیل کرکے اسے گھیرے میں لیا ہوا ہے۔ دوسرا دھماکا کوہاٹ ٹنل سے درہ آدم خیل کی طرف جانے والے انڈس ہائی وے پر سیکیورٹی چیک پوسٹ کے قریب آئل ٹینکر میں ہوا جس کی زد میں آکر ایک کنٹینر اور مسافر کوچ سمیت متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ جبکہ کئی افراد زخمی ہوئے۔ پاک جاپان دوستی کی علامت سمجھی جانے والی کوہاٹ ٹنل میں یہ دوسرا بڑا دھماکا کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے 2008 میں شدت پسندوں نے بارود سے بھری گاڑی کو ٹنل کے اندر تباہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ٹنل کوجزوی نقصان پہنچا تھا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.