5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کوہاٹ ٹنل میں دھماکے، الطاف حسین کی مذمت
جنگ نیوز -
لندن ... متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے خیبرپختون خواہ کے علاقے کوہاٹ ٹنل میں دھماکے پر سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور واقعہ میں خواتین سمیت متعدد افراد کے جاں بحق وزخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایم کیو ایم کے مرکز سے جاری اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ بم دھماکے کرنے والے سفاک دہشت گرد اور انسانیت کے کھلے دشمن ہیں ۔انہوں نے کہاکہ امن دشمن و ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں اور ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات کر کے اسے غیرمستحکم کرنے پر تلے ہوئے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ الطاف حسین نے صد ر پاکستان آصف علی زرداری ، وزیر اعظم پاکستان سید یوسف گیلانی وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک اور وزیر اعلیٰ خیبر پختون خواہ سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کا سختی سے نوٹس لیاجائے اس میں ملوث عناصر کو فی الفور گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے ۔انہوں نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کااظہار کرتے ہوئے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ تمام مرحومین کوجنت الفردوس میں جگہ دے اور لواحقین کوصبرجمیل عطاکرے۔الطاف حسین نے بم دھماکے میں زخمی ہونیوالے افراد کی جلدصحتیابی کیلئے بھی دعاکی۔