5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کوئٹہ: علمدار روڈ پر کاربم دھماکا،دو پولیس اہلکاروں سمیت 7افرادزخمی
جنگ نیوز -
کوئٹہ …کوئٹہ میں عملدار روڈ پر ہونیوالے کار بم دھماکے میں دو پولیس اہلکاروں اور3 بچوں سمیت 7افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق علمدار روڈ پر دھماکا صبح تقریباً پونے گیارہ بجے وہاں پہلے سے کھڑی کار میں ہوا۔ ذرائع کے مطابق جس وقت دھماکا ہوا اسی وقت ایس پی انوسٹی گیشن پولیس کوئٹہ سٹی شعبان علی قریب نیچاری گلی میں واقع اپنے گھر سے نکل کر اپنی گاڑی میں سوار ہوکر دفتر جانے کیلئے عملدار روڈ پر پہنچے تھے، دھماکے کے نتیجے میں ایس پی کی سرکاری گاڑی میں سواران کے دو سکیورٹی گارڈ سمیت دو راہگیر شخص اور تین بچے زخمی ہوگئے ، زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا، دھماکے کے بعد پولیس حکام اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گیا،بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکا ریمورٹ کنٹرول نہیں تھا بلکہ یہ کمانڈ ڈیٹو نیٹنگ سسٹم کے ذریعے کیا گیا۔ پولیس کے ذرائع کا کہنا تھا کہ مشاہدے کے مطابق دھماکے میں واضح طور پر ایس پی انوسٹی گیشن کو نشانہ بنایا گیا تھا، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔دوسری جانب دھماکے میں زخمی ہونیوالے افراد کی حالات خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔