5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
دہشتگردی کیخلاف جنگ،پاکستان کا جانی نقصان اتحادیوں سے زیادہ
جنگ نیوز -
ٹورنٹو…فارن ڈیسک…دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے 2348فوجی شہید جبکہ امریکا سمیت اتحادی افواج کی ہلاکتیں2058 ہوئی ۔ پاکستانی فوجی ماہانہ اوسطاً231ڈالر تنخواہ پاتا ہے جب کہ جنگ میں معذورہو جائے تو اس صورت میں ماہانہ 18ڈالر ملتے ہیں۔ کینیڈا کے اخبار’دی اسٹار‘ کے مطابق پاکستانی فوج طالبان کے خلاف جنگ میں کینیڈ اکا اتحادی ہے اور اس جنگ کی بھاری قیمت چکا رہا ہے، پاکستان پر تنقید کرنے والے کہتے ہیں کہ پاکستان مذہبی انتہا پسندوں کے خلاف بھرپور جنگ نہیں کر رہا جب کہ پاکستانی فوج کے اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ پاکستان کی فوج کے مغربی اتحادیوں سے زیادہ فوجی شہید ہوئے۔ دہشت گردی کی جنگ میں امریکا،کینیڈا سمیت تمام مغربی اتحادی ممالک کے فوجیوں کی ہلاکتیں2058جب کہ صرف پاکستان کے2348فوجی شہید اور6710فوجی زخمی ہوئے۔پاکستان کا ایک فوجی اوسطاً20ہزار($231) ماہانہ کماتا ہے اور اگر جنگ میں معذور ہو جائے تو اسے ماہانہ1600روپے(($18 ملتے ہیں۔