5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
پاکستان کی بھارتی الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حصول میں دلچسپی
جنگ نیوز -
نئی دہلی…فارن ڈیسک…پاکستان نے انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (EVMs) کے استعمال کے لیے بھارت سے ٹیکنالوجی کی فراہمی کی درخواست کردی ۔بھارتی اخبار’ٹائمز آف انڈیا ‘ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (EVMs)کو متعارف کرنے کے لیے سرگرمی دکھا رہا ہے ۔ اس حوالے سے جاری بھارتی الیکشن کمیشن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے بھارت سے تکنیکی ٹیم بھیجنے کی درخواست کی ہے جو انہیں مشین کا استعمال سکھا سکے۔ (EVMs) بنانے والے بھارت الیکٹرانکس لمیٹڈ اور الیکٹرانکس کارپوریشن آف انڈیا کی ٹیمیں الیکٹرانک مشینوں کا استعمال دکھانے کیلئے آئندہ ماہ پاکستان جائیں گی۔ یہ درخواست پاکستان الیکشن کمیشن نے بھارتی الیکشن کمیشن سے گزشتہ ہفتے ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر کی۔پاکستان الیکشن کمیشن کے سربراہ جسٹس حامد علی رضا نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے الیکشن کمیشن کی آپس میں معاونت ہونی چاہیے۔بھارتی الیکشن چیف نے پاکستان کو اپنی تمام معانت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے،نیپال بھی بھارت کے تعاون سے انتخابات میں(EVMs) متعارف کراچکا ہے،ایتھوپیا اور تھائی لینڈ بھی بھارت سے انتخابی اصلاحات کیلئے ٹیکنالوجی کے لیے درخواست دے چکے ہیں۔ اخبار کے مطابق بھارت میں (EVMs)کے استعمال پر مختلف سوالات اٹھائے جارہے ہیں جب کہ بھارت کے پڑوسی ممالک اس کے استعمال کے لیے سرگرمی دکھا رہے ہیں۔