5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ملک کے چاروں صوبوں میں بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . . . ملک کے چاروں صوبوں میں بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا ہے۔ادھر بالائی علاقوں میں برف باری کے باعث متعدد علاقوں کی رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں ۔اسکردو اور گردونواح میں آج دوسرے روز بھی موسم ابر آلود ہے ۔بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری ہو رہی ہے ۔غذر شہر میں ہلکی اور بالائی علاقوں میں شدید برفباری ہو رہی ہے ۔بالائی علاقوں میں برف باری کی وجہ سے تمام رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں ۔استور ،گلگت اور گردونواح میں موسم ابر آلود ہے جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔شمالی بلوچستان کے بیشتر شہروں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برف باری ہو رہی ہے۔زیارت،کان مہتر زئی،توبہ کاکڑی اور توبہ اچکزئی میں5سے6انچ تک برف پڑی ہے۔برف باری کے بعدزیارت سنجاوی روڈ بند ہوگئی ہے ۔خضدار اور نصیر آباد میں بارش ہوئی ۔ڈیرہ غازی خان کے قریب فورٹ منرو کے پہاڑی سلسلوں میں بھی برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔رحیم یار خان میں بھی بارش ہوئی ہے جس کے بعد موسم سرد ہوگیا۔مظفر آباد اور گردونواح میں موسم ابر آلود ہے ۔ بالائی علاقوں لیپہ،شمس بری سمیت متعدد علاقوں میں برف باری جاری ہے ۔اندرون سندھ مختلف شہروں جیکب آباد ،سکھر اور لاڑکانہ میں رات گئے ہلکی بارش ہوئی ہے،آج خیرپور،بدین،گھوٹکی اور گردونواح میں ہلکی بارش ہوئی۔ نوکوٹ،کلوئی اور جھڈو سمیت گرودنواح میں موسلا دھار بارش سے موسم سرد ہوگیاہے۔کرک اور وانا میں بھی بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا ہے جبکہ جنوبی و شمالی وزیرستان کے پہاڑی علاقوں میں برف باری ہو رہی ہے ۔