5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
متحدہ کے تحت قومی یکجہتی جلسہ سنگ میل ثابت ہو گا،ڈاکٹرفاروق ستار
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ جب بھی متحدہ قومی موومنٹ کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا ہے تو اس پرالزام تراشیوں میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے،جلسہ گاہ کے حتمی انتظامات کا جائزہ لینے کے بعدمیڈیا سے کو بریفنگ دیتے ہوئے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم میں مختلف قومیتوں کے افراد بڑی تعداد میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیاقومی یکجہتی جلسہ ثابت کر دے گا کہ ایم کیو ایم مستقبل کی سب سے بڑی قومی جماعت ہوگی۔ علاوہ ازیں کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے تحت کل ہونے والا جلسہ قومی یکجہتی کے سلسلے میں تیاریوں کوحتمی شکل دیدی گئی ہے، جلسہ گاہ جناح گراؤنڈ عزیز آباد کو دلہن کی طرح سجادیا گیا ہے۔قومی یکجہتی جلسہ کے سلسلے میں کراچی کے سیکڑوں مقامات پراستقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں،اہم شاہراہوں، چوراہوں اور بلند عمارتوں پرایم کیوایم کے پرچم اور الطاف حسین کی تصویریں اور بینروں کوآویزاں کیا گیاہے۔جبکہ جلسہ گاہ جناح گراؤنڈ عزیزآباد کولائٹوں، جھنڈیوں اورایم کیو ایم کے پرچموں سے سجایاگیا ہے۔ جلسہ کے سلسلے میں مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے ایم کیوایم کے کارکن بڑی تعداد جلسہ گاہ پہنچ رہے ہیں اورتنظیمی گیتوں پر والہانہ رقص کررہے ہیں۔