5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
مصرمیں احتجاج جاری ،100سے زائد افراد ہلاک،ہزاروں زخمی
جنگ نیوز -
قاہرہ ... مصرمیں مظاہروں کے دوران مرنے والوں کی تعداد سو سے تجاوز کرگئی ۔ احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کا سلسلہ جاری ہے جس میں وقت گذرنے کے ساتھ مزید شدت آتی جارہی ہے ۔ مصر میں احتجاجی مظاہروں کا آج چھٹا روز ہے ۔ ہفتے کو پرتشدد واقعات میں مزید 33 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد 102 ہو گئی ہے ۔ کرفیو کے باوجود قاہرہ ، سوئز ، اسکندریہ ، بنئی سوئف اور دیگر شہروں میں لوگ سڑکوں پر ہیں ۔ صدر حسنی مبارک کی طرف سے نئی حکومت کی تشکیل اور اصلاحات کے وعدوں کے باوجود حکومت مخالف مظاہروں میں شدت آرہی ہے ۔ ہزاروں افراد زخمی ہیں جن میں سیکیورٹی اہل کاروں کی بڑی تعداد بھی شامل ہے ۔ لوٹ مار کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے ۔ مرکزی بینک نے لوٹ مار سے بچنے کے لئے اتوار سے بینکوں میں تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔ قاہرہ کا عجائب گھر بھی مشتعل افراد سے محفوظ نہ رہ سکا جہاں سخت سیکیورٹی کے باوجود لوگوں نے دھاوا بولا اورتوڑ پھوڑ کی ۔ لوگوں نے دو ممیوں سمیت نوادرات کو نقصان پہنچایا ۔ لٹیروں نے اس صورت حال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے میوزیم سے کئی نادر نایاب مجسمے لوٹ لئے ۔ عرب ٹی وی کے مطابق ملک میں کئی سرکاری عمارتیں اور تھانے جلائے جاچکے ہیں ۔ جیلوں میں قیدیوں نے بغاوت کردی ہے اور متعدد جیلیں بھی نذر آتش کردی گئیں ۔