5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
اسکردواوربالائی علاقوں میں برفباری کاسلسلہ جاری،سردی کی شدت میں اضافہ
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . . اسکردو اور گردونواح میں برف باری کا سلسلہ آج وقفے وقفے سے جاری ہے ۔ جبکہ ڈیرہ غازی خان کے قریب فورٹ منرو کے پہاڑی سلسلوں میں پانچ سال بعد ہونے والے برف باری سے لطف اندوز ہونے کے لئے لوگ علاقے میں پہنچ رہے ہیں۔اسکردو اور گردونواح میں برف باری کا سلسلہ گذشتہ روز سے وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ساتھ لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ برف باری کے باعث بالائی علاقوں کے ساتھ نشیبی علاقوں کے راستے منقطع ہوگئے ہیں۔ جبکہ نشیبی علاقوں میں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ لواری ٹاپ پر برف باری کے باعث چترال میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔گلگت اور گردونواح میں گذشتہ رات بارش ہوئی ہے، جبکہ ضلع ہنزہ نگر کے مضافاتی علاقوں میں برف باری کے باعث سردی بڑھ گئی ہے۔سوات اور گردونواح میں گذشتہ رات ہونے والی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کے باعث موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔ڈیرہ غازی خان کے قریب فورٹ منرو کے پہاڑی سلسلوں میں بھی برف باری کا سلسلہ آج دوسرے روز بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔ پانچ سال بعد اس علاقے میں ہونے والے برف باری سے لطف اندوز ہونے کے لئے بڑی تعداد میں لوگ فورٹ منرو پہنچ رہے ہیں۔شمالی بلوچستان کے علاقوں زیارت،کان مہتر زئی،توبہ کاکڑی اور توبہ اچکزئی میں گذشتہ روز ہونے والی برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔