5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
مصری پولیس و فورسز کاعوام پر تشددمعمول بن چکا ہے،امریکی سفیر کا مراسلہ
جنگ نیوز -
قاہرہ . . . . مصر میں عوامی انقلاب کے بعد وکی لیکس نے قاہرہ سے متعلق مراسلے بھی جاری کرنا شروع کردیے۔ امریکی سفیر پہلے ہی کئی بار واشنگٹن کو آگاہ کرچکے تھے کہ مصری پولیس اور سکیورٹی فورسز کا تشدد آمیز سلوک معمول بن چکا ہے۔ مصر میں حالیہ انقلاب کے دوران پولیس اور سکیورٹی فورسز کے مظاہرین پر تشدد کی تصویر ، قاہرہ اور دیگر مصری شہروں سے امریکی سفارتکار پہلے ہی کھینچ چکے ہیں۔ دو ہزار نو اور اس سے پہلے بھیجے گئے مراسلوں سے پتہ چلتا ہے کہ امریکی سفارتکاروں نے گاہے بگاہے واشنگٹن میں انتظامیہ کو مطلع کیا کہ مصری پولیس اور سکیورٹی فورسز کی جانب سے قیدیوں پر تشدد معمول بن چکا ہے۔ عام ملزمان سے لیکر سیاسی قیدیوں اور بعض بدقسمت راہ گیر بھی مصری پولیس اور فورسز کے تشدد کا نشانہ بنتے رہتے ہیں۔ ایک سفارتی تار میں غیر سرکاری تنظیم کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ دارالحکومت قاہرہ کے ایک پولیس اسٹیشن میں روزانہ تشدد کے سو سے زائد واقعات عام ہیں۔خفیہ سفارتی مراسلوں کے مطابق حسنی مبارک کے دور اقتدار کے دوران پولیس میں کبھی اصلاحات کی سنجیدہ کوشش نہیں کی گئی۔یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ مصری پولیس کی جانب سے مجرموں کو الیکٹرک شاکس دیے جاتے ہیں۔ مصر میں انسانی حقوق کی خراب صورت حال پر امریکا کے تعلقات بھی اکثر اتار چڑھاوٴ کا شکار رہے۔