5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ہلیری نے پاکستان کے ساتھ کام کرنا بڑا چیلنج قراردیا تھا، وکی لیکس
جنگ نیوز -
واشنگٹن . . . .. وکی لیکس کے پنڈورا بکس سے انکشافات کا سلسلہ جاری ہے۔ امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے کہا تھا کہ افغانستان میں استحکام کیلئے پاکستان کیساتھ کام کرنا سب سے بڑا چیلنج ہے۔تیرہ اپریل دو ہزار نوکے مراسلے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے پاکستان اور افغانستان کیلئے خصوصی نمائندے رچرڈ ہالبروک اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ ہالینڈ کے وزیر خارجہ Verhagen سے ملاقات کی۔ وفود کی سطح پر ملاقات میں افغانستان سے متعلق اکتیس مارچ کو دی ہیگ میں ہونیوالی عالمی کانفرنس کے تناظر میں تبادلئہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ افغانستان میں استحکام کے حوالے سے علاقائی سطح پر تعاون انتہائی اہم ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان کیساتھ کام کرنا سب سے بڑا چیلنج ہے ۔ امریکی وزیر خارجہ نے بتایا کہ افغانستان کے معاملے پر چین ، بھارت اور روس بھی سے بھی رابطے ہیں جبکہ ایران نے بھی سرحد پر منشیات کی اسمگلنگ روکنے کیلئے تعاون کا یقین دلایا ہے۔ ملاقات کے دوران ڈچ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہالینڈ افغان پولیس کی تربیت کیلئے اپنے اہل کاروں کی تعداد دوگنا کرے گا جبکہ مالی امداد میں بھی اضافہ کیا جائیگا۔ امریکی وزیر کارجہ ہلیری کلنٹن نے حمایت کرنے پر اپنے ڈچ ہم منصب اور پوری قوم کا شکریہ ادا کیا۔