5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
تمام جماعتوں سے علیحدہ علیحدہ بات کی جائے گی، قائم علی شاہ
جنگ نیوز -
سکھر…وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں قحط سالی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ، صوبے کے پاس وافر مقدار میں گندم موجود ہے اور پہلی مرتبہ ہم اڑھائی لاکھ ٹن گندم ایکسپورٹ کرکے زرمبادلہ کمائیں گے۔ سکھر ائیرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہاموجودہ حکومت اور سابقہ حکومتوں میں یہ فرق ہے کہ سابقہ حکومت چار چار لاکھ ٹن گندم امپورٹ کرتی تھی اور اس کی ساکھ اتنی خراب تھی کہ صوبہ پنجاب بھی سندھ کو گندم نہیں دیتا تھا۔ جبکہ ہماری حکومت ڈھائی لاکھ ٹن گندم ایکسپورٹ کرنے جارہی ہے، انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس وافر مقدار میں اجناس موجود ہیں صوبہ سندھ کو کسی قسم کو غذائی قلت یا قحط سالی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ موجودہ حکومت نے تعلیم کا معیار بہتر کیا گیا ہے ، بند اسکول کھولے جارہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ میں موجودہ حالات کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس فی الحال نہیں ہورہی ہے، حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام پارٹیوں سے علیحدہ علیحدہ بات چیت اور مشاورت کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ سندھ کی کابینہ ٹھیک انداز میں کام کررہی ہے، فی الحال سندھ کی کابینہ میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی ہے۔