5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
پاکستان اسلحے کی دوڑ میں بھارت سے آگے نکل چکاہے،واشنگٹن پوسٹ
جنگ نیوز -
واشنگٹن …ایک بین الاقوامی اخبار کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان میں اسلحہ خانوں کی تعداد سو سے تجاوز کرچکی ہے اور پاکستان اسلحے کی دوڑ میں بھارت سے آگے نکل گیا ہے۔واشنگٹن پوسٹ میں شائع ہونیوالے ایک غیر حکومتی سروے کے مطابق دنیا کے سب سے زیادہ ناپائیدار ملک پاکستان میں سامان حرب کے ذخائر گذشتہ سال کے مقابلے میں ڈبل ہوچکے ہیں۔دعوے کے مطابق پاکستان میں اسلحوں کی تیاری اور بم بنانے کیلئے یورینیم اور پلوٹونیم کی افزودگی میں نمایاں اور بہت تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور پاکستان نیوکلیئر ہتھیاروں کی دوڑ میں اپنے حریف بھارت سے آگے نکل آیا ہے۔جنوبی ایشیا میں اسلحے کی دوڑ میں تیزی نے اوباما انتظامیہ کو دونوں جانب سے مشکل میں ڈال دیا ہے۔ جو بھارت کے ساتھ معاشی ، سیاسی اور دفاعی روابط مضبوط کرنے کی کوششیں کر رہی ہے اور ساتھ ہی افغان جنگ کے حوالے سے اپنی دو ٹوک حکمت عملی پر پاکستان کے ساتھ بھی اپنے رشتے مضبوط کرنا چاہتا ہے۔