5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
سندھ پنجاب سرحد پر 5سو سے زائد سیلاب متاثرین مشکلات کا شکار
جنگ نیوز -
اوباڑو....سیلاب کو چھ ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود اوباڑو کے قریب سندھ پنجاب سرحد پر موجود پانچ سو سے زائد سیلاب متاثرین سخت مشکلات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ پانچ سو سے زائد گھروں پر مشتمل گاوٴں چھٹو چاچڑ بھونگ بند اور رینی کینال کے ٹوٹنے کے باعث تباہی سے دوچار ہو گیا تھا جبکہ حکومت کے بلند و بانگ دعووں کے باوجود متاثرین اعلان کردہ سہولتوں وطن کارڈ، کھاد، بیج اور راشن سے محروم ہیں جس کے باعث معصوم بچے خواتین خود ساختہ جھونپڑیوں اور خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں۔سیلاب متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث انکا واحد ذریعہ معاش ان کی فصلیں تھی جو تباہ ہو گئی ہیں اور رہنے کیلئے ایک بھی گھر نہیں ہے۔ گاوٴں کا واحد اسکول بھی گر گیا جس سے تعلیم کا حصول تو دور کی بات بچوں کو پالنا مشکل ہو گیا ہے ۔سردی کے باعث اکثر گاوٴں کے بچے مختلف بیماریوں میں مبتلاہو گئے ہیں اور چھ ماہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود نہ تو کسی منتخب نمایندے نے انکی داد رسی کی ہے اور ناہی کسی سرکاری آفیسر نے۔