5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ریمنڈ ڈیوس کا معاملہ عدالت میں ہے،صدر زرداری کاامریکی وفد کو جواب
جنگ نیوز -
اسلام آباد…صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ لاہور میں تین شہریوں کے قتل میں گرفتار امریکی اہلکار ریمنڈ ڈیوس کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے ،قانونی عمل مکمل ہونے کاانتظار کیا جائے۔ اسلام آباد میں ڈیرل ای عیسی کی قیادت میں امریکی کانگریس کے وفد نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور ریمنڈ ڈیوس کا معاملہ اٹھایا۔ صدرآصف علی زرداری نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو امداد نہیں تجارت چاہیے ،وہ پاکستان کے لیے منڈیوں تک رسائی اور تجارت کو بڑھانے میں اپنا اثرورسوخ استعمال کریں ، اس وقت مالی مشکلات کے خاتمے کے لیے پاکستانی عوام کو ترجیحی بنیادوں پر توجہ اور امداد کی ضرورت ہے ۔ امریکی کانگریس کے وفد نے یقین دہانی کرائی کے پاکستان کے مسائل کے حل کے لیے امریکی انتظامیہ ہرممکن مدد جاری رکھے گی ۔