تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

فلائی اوورز کے ترقیاتی کام ایک ہفتے میں مکمل ہوجائیں گے،فضل الرحمن

جنگ نیوز -
کراچی …سید منہاج الرب… ایڈمنسٹریٹر کراچی فضل الرحمن نے کہا ہے کہ سٹی حکومت جناح اسپتال، ٹیپوسلطان روڈ اور محمود آباد انٹرسیکشن پر تعمیر ہونے والے فلائی اوورز کے تمام ترقیاتی کام لین مارکنگ سمیت ایک ہفتہ میں مکمل کرلے گی، ای ڈی او ورکس اینڈ سروسز رشید مغل کے ہمراہ تینوں فلائی اوورز کے منصوبوں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے، انہوں نے ہدایت کی کہ فلائی اوور کے نیچے سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی تعمیر کے وقت محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن سے مشاورت کی جائے تاکہ متعلقہ محکمہ تکنیکی طور پر تمام امور کا جائزہ لے اور بعد میں یہاں ٹریفک کے مسائل پیدا نہ ہوں، ایڈمنسٹریٹر نے دورے کے موقع پر ٹیپوسلطان روڈ کے تعمیراتی کاموں کو تیز کرنے اور بلوچ کالونی فلائی اوور کو سگنل فری کرنے کیلئے اطراف کی سڑکوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے کام کو رات دن جاری رکھنے کی ہدایت کی، جناح اسپتال فلائی اوور کے دورے کے موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ پلوں کے نیچے زیادہ سے زیادہ شجر کاری کے ذریعے اسے خوبصورت اور سرسبز بنایا جائے تاکہ ماحولیاتی آلودگی پر بھی قابو پانے میں مدد ملے، انہوں نے ہدایت کی کہ ان تینوں فلائی اوورز کو ایک ہفتہ میں مکمل کرکے انکے افتتاح کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں، ان فلائی اوورز کی تعمیر کے بعد شارع فیصل کافی حد تک سگنل فری ہو جائے گی جبکہ شارع فیصل پر دیگر منصوبوں کو بھی جلد از جلد شروع کردیا جائے گا، انہوں نے ای ڈی او ورکس اینڈ سروسز کو ہدایت کی کہ تمام چیف انجینئرز اپنے اپنے علاقوں کا دورہ کریں اور فٹ پاتھوں پر ٹوٹے ہوئے کرب اسٹون کو تبدیل کریں جبکہ جن سڑکوں پر گڑھے پڑے ہوں وہاں پیوند کاری کا انتظام کیا جائے، سڑکوں کے ٹوٹنے سے نہ صرف ٹریفک مسائل پیدا ہوتے ہیں بلکہ سڑکیں بھی مزید ٹوٹ پھوٹ کاشکار ہوجاتی ہیں لہٰذا جہاں کہیں گڑھے پڑے ہوں یا سڑک ٹوٹی ہوئی ہو اسکی فوری طور پر مرمت کی جائے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.