5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
مصر کی موجودہ صورتحال کے پیچھے امریکا کا ہاتھ ہے،وکی لیکس
جنگ نیوز -
قاہرہ…برطانوی اخبار نے خفیہ امریکی مراسلوں کے حوالے سے دعوی کیا ہے کہ مصر کی موجودہ صورتحال کے پیچھے امریکا کا ہاتھ ہے۔خفیہ دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ حسنی مبارک کے اہم مخالف نے امریکی تھنک ٹینک سے ملاقات کی تھی۔قاہرہ میں امریکی سفارت خانے کی پروجیکٹ آفیسر کیتھرین ہل نے دو ہزار آٹھ میں مراسلہ بھیجاجس میں مصری حکومت کے اہم مخالف کی امریکی تھنک ٹینک، ری پبلکن پارٹی کے ایڈورڈ روئس اورکئی اعلی عہدے داروں سے ملاقات کا ذکر ہے۔جو تین سے پانچ دسمبر دو ہزار آٹھ کے دوران کیپیٹل ہل میں ہوئی تھی۔وکی لیکس نے حسنی مبارک کے مخالف کا نام ظاہر نہیں کیا تاہم مراسلے سے پتہ چلتا ہے کہ انہیں امریکا سے واپسی پرقاہرہ ائیرپورٹ پر حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی اور کچھ اہم دستاویزات بھی قبضے میں لے لی گئی تھیں۔مصر میں تبدیلی کے خواہش مندنے امریکی انتظامیہ کو بتایاتھا کہ حسنی مبارک ملک میں کبھی بھی سیاسی اصلاحات نافذ نہیں کریں گے۔اس لئے عوام کو ہی تبدیلی کے لئے نکلنا ہوگا۔مراسلے سے پتہ چلتا ہے کہ مصر کی متعدد سیاسی جماعتوں نے حسنی مبارک کو ہٹانے کے لئے دو ہزار آٹھ میں غیر تحریری معاہدہ کیاتھا۔ جس کے تحت اس پر دو ہزار گیارہ تک عمل ہوناتھا۔