5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کراچی کو مزید وفاقی و صوبائی فنڈنگ کی ضرورت ہے،فضل الرحمن
جنگ نیوز -
کراچی...سید منہاج الرب …ایڈمنسٹریٹر کراچی فضل الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کا دل ہے تمام قومیتوں کے افراد بھائی چارگی کے ساتھ اس شہر کی ترقی میں حصہ لے کر قومی یکجہتی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں،دو کروڑ کی آبادی والے اس شہر کا جرائم کے حوالے سے اگر دنیا کے بڑے شہروں کا موازنہ کیا جائے تو یہاں جرائم کی شرح انتہائی کم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو سوک سینٹر میں آزاد کشمیر کے وزیر سیاحت طاہر کھوکھر کی قیادت میں میڈیا سے تعلق رکھنے والے 45 رکنی وفد کی آمد کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈی سی او کراچی محمدحسین سید، ای ڈی او میونسپل سروس مسعود عالم ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ بشیر سدوزئی اور دیگر افسران بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ کراچی میں قیام کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندے خوشگوار یادیں اور مثبت تاثر لے کر جائینگے اور اپنے قلم سے کراچی کے بارے میں منفی تاثر کے خاتمہ کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے ، ڈی سی او کراچی محمد حسین سید نے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سٹی حکومت کا بجٹ 53 ارب روپے سے تجاوز کرچکا ہے تاہم میگا سٹی ہونے کے باعث کراچی کو وفاق اور صوبے کی جانب سے مزید فنڈنگ کی ضرورت ہے تاکہ شہر میں ترقیاتی کاموں کو فروغ ملنے کے ساتھ ساتھ شہری مسائل پر قابو پایاجاسکے، ڈی سی او کراچی نے کہا کہ کراچی میں مقیم آزاد کشمیر کے شہریوں کیلئے اگر مفاد عامہ کا کوئی منصوبہ سامنے لایا جائے تو سٹی حکومت تعاون کرے گی اور اس پر عملدرآمد کرنے کی بھر پور کوشش کی جائے گی، آزاد کشمیر کے وزیر سیاحت طاہر کھوکھر نے ایڈمنسٹریٹر کراچی فضل الرحمن اور ڈی سی او کراچی محمد حسین سید کا اپنی جانب سے اور اپنے وفدکی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سٹی حکومت اور کراچی کے شہریوں نے جس محبت کے ساتھ ہماری پذیرائی کی وہ ناقابل فراموش ہے جس کے لئے ہم کراچی کے شہریوں اور سٹی حکومت کے شکر گزار ہیں، اس موقع پر ڈی سی او کراچی نے وفد کے اراکین کو سندھ کی روایتی اجرک کا تحفہ پیش کیا، وفد نے سوک سینٹر میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ بھی کیا اور کیمروں کی مدد سے کی جانے والی مانٹرینگ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ دریں اثناء ایڈمنسٹریٹر کراچی فضل الرحمن نے پائپ فیکٹری کے ایڈیشنل ڈائریکٹر حامد ایچ رضوی اور ڈویژنل اکاؤنٹ آفیسر قمر سعید کا فوری طور پر تبادلہ کرکے ڈی سی او سیکریٹریٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے دونوں افسران کے خلاف تحقیقات کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔