5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
جعفر آباد : تھانیدار سمیت پانچ پولیس اہلکار قتل، ڈپٹی کمشنر جھل مگسی اغوا
جنگ نیوز -
جعفرآباد ... بلوچستان کے ضلع جعفر آباد میں ڈیرہ الہ یار تھانے کے ایس ایچ او سمیت پانچ پولیس اہلکاروں کو نامعلوم افراد نے قتل کردیا ۔ واقعے سے چند گھنٹے پہلے اسی مقام سے ڈپٹی کمشنر جھل مگسی کو بھی اغوا کیا گیا تھا ۔ لیویزذرائع کے مطابق تھانہ ڈیرہ الہ یار کے ایس ایچ او علی نواز کھوسو چار پولیس اہل کاروں کے ساتھ سرکاری کام کے سلسلے میں کوئٹہ جارہے تھے۔ ضلع بولان کے علاقے مچھ کے قریب لیویز فورس کی حدود میں نامعلوم افراد نے ان کا گھیراؤ کرلیا ۔ مسلح افراد کی فائرنگ سے ہیڈ کانسٹیبل رسول بخش اور کانسٹیبل فخردین موقع پر جاں بحق ہوگئے ۔۔ ملزموں نے ایس ایچ او اور باقی دو اہلکاروں کو اغوا کرلیا اور چند کلو میٹر دور لے جاکر قتل کردیا ۔ اطلاع ملنے پر مچھ تھانے کی پولیس نے پانچوں اہل کاروں کی لاشیں تھانے پہنچادیں ۔ واقعے سے کچھ گھنٹے پہلے اسی جگہ سے نامعلوم افراد نے جھل مگسی کے ڈپٹی کمشنر شوکت مرغزانی کو بھی اغوا کیا تھا جن کا اب تک کچھ پتہ نہیں چل سکا ۔ ڈپٹی کمشنر اپنے اہل خانہ کے ساتھ کوئٹہ جارہے تھے ۔ ملزمان نے صرف ڈپٹی کمشنر کو اغوا کیا اور باقی سب کو جانے کی اجازت دیدی۔