5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ٹیکس ادائیگی : اکشے کمار چاروں ’خانوں‘ سے بازی لے گئے
جنگ نیوز -
ممبئی …انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ سے تو عوام کا پالا پڑتا ہی رہتا ہے،لیکن جب یہی ڈپارٹمنٹ فلمی ستاروں کے اکاؤنٹس کی چھان پھٹک کرتا ہے تو عوام کی دلچسپی کچھ اور بڑھ جاتی ہے۔ حال ہی میں بالی وڈ اسٹارزپریانکا چوپڑا اور کترینہ کیف کے گھروں پر انکم ٹیکس نے چھاپے مارے،آئیے آپ کو بتاتے ہیں کہ کون سا بالی ووڈ اسٹار کتنا ٹیکس دیتا ہے۔سب سے پہلے بات کرتے ہیں خطروں کے کھلاڑی اکشے کمار کی جو نہ خطروں سے گھبراتے ہیں اور نہ ٹیکس چراتے ہیں ،دو ہزار دس میں اکشے کمار مجموعی طور پر اٹھارہ کروڑ روپے ٹیکس دے کر سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے اسٹار بن گئے جبکہ کنگ خان کہلانے والے شاہ رخ خان ٹیکس کی دوڑ میں بادشاہت نہ دکھا سکے اور بارہ کروڑ روپے ٹیکس دے کر پرفیکٹ عامر کے ساتھ نمبر دو پوزیشن کے حقدار قرار پائے۔تیسرے نمبر پر ابھیشیک بچن ہیں جنہوں نے چارکروڑ پندرہ لاکھ روپے ٹیکس ادا کیا اور جناب لاکھوں دلوں کی دھڑکن کرینہ کپور نے بھی ،اپنی دھڑکنیں بے ترتیب کیے بغیر پونے دو کروڑ روپے ایڈوانس ٹیکس اداکردیا۔انہوں نے مجموعی طور پر تین کروڑ سے زائد ٹیکس ادا کیا ۔ رنبیر کپور نے دو کروڑ دس لاکھ روپے ٹیکس کے کھاتے میں ڈالے جبکہ حسن کی ملکہ ایشوریہ رائے نے بھی انکم ٹیکس کے لیے اپنے خزانے کھول دیے اور پورے دو کڑور روپے ٹیکس ادا کیا۔دبنگ سلمان ،ٹیکس ادائیگی میں دبنگ ثابت نہ ہوسکے۔ سلو میاں نے صرف ڈیڑھ کڑور کا ٹیکس دیا جبکہ سیف علی خان بھی ٹیکس کے معاملے میں کرینہ کا ساتھ نہ دے سکے۔ چلیے جناب ٹیکس کی ادائیگی تو آپ نے جان لی ، اب ذرا یہ بھی سن لیجئے کہ لاکھ اور کروڑ میں ٹیکس ادا کرنے والے اصل میں کماتے کتنا ہیں ۔ مسٹر کھلاڑی اکشے پیسے کی دوڑ میں بھی نمبر ون ہیں، اکشے کمار کی ایک فلم کا معاوضہ پندرہ کروڑ روپے ہے، جبکہ عامر خان تیرہ سے چودہ کروڑ ،شاہ رخ خان بارہ ،ہریتھک روشن دس، جبکہ سلماں خان ایک فلم کا معاوضہ آٹھ سے دس کروڑ کے بیچ لیتے ہیں ۔بالی ووڈ حسینائیں بھی لاکھ کی بات نہیں کرتیں ۔بلکہ ایشوریہ رائے، کرینہ کپور اور پرینکا چوپڑہ کا معاوضہ پانچ سے سات کروڑ کے درمیان ہے۔ البتہ بپاشا باسو کا گراف اس دوڑ میں ذرا نیچے ہے لیکن وہ بھی دو کروڑ سے کم نہیں۔