5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
الطاف حسین کی جانب بڈھ بیر بند روڈ پر بم دھماکے کی سخت مذمت
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیرمیں ٹیلہ بندروڈپر بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکے میں متعدد افراد کی شہادت اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ دہشت گرد پشاور میں تسلسل کے ساتھ خود کش اور ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے کررہے ہیں جن میں اب تک کئی پولیس افسران ، اہلکاروں سمیت کئی بے گناہ افراد شہید اور زخمی ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بم دھماکے کرکے معصوم اور بے گناہ افراد کی زندگیوں سے کھیلنے والے دہشت گرد سفاک اور درندہ صفت ہیں اور ان کا کوئی دین و ایمان نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مسلح افراد ، پیر ا ملٹری فورسز ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں سمیت پوری قوم دہشت گردی کے خلاف صف آرا ہیں اور یہ اتحاد ملک کو دہشت گردی کے عفریت سے انشا اللہ جلد نجات دلا دے گا ۔ انہوں نے بم دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے بھی کی ۔ جناب الطاف حسین نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے مطالبہ کیا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر پشاورمیں تسلسل کے ساتھ ہونے والے بم دھماکوں اور معصوم و بے گناہ انسانوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع کا سختی سے نوٹس لیاجائے ، پشاور میں دہشت گردوں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے مزید مئوثر اور مثبت اقدامات بروئے کار لائے جائیں ۔