5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
سندھ میں پہلے کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس نظام کا افتتاح
جنگ نیوز -
کراچی…سندھ میں پہلے کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس نظام کا افتتاح کردیا گیا ۔وزیرداخلہ ذوالفقار مرزا کا کہنا ہے کہ اس نظام کی ابتدا سندھ میں ناجائزاسلحے کے خاتمے میں پہلاقدم ہے۔صوبائی وزیر داخلہ سندھ نے کراچی میں محکمہ داخلہ میں کمپیوٹرائز اسلحہ لائسنس کے اجراء اور مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح کیا۔اس موقع وزیر داخلہ سندھ کو لائسنس بنوانے کے تمام مراحل سے آگاہ کیا گیا ۔وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ کمپیوٹرائزڈآرم لائسنس کراچی کے شہریوں کے لئے بہترین تحفہ ہے اور کمپوٹرائز آرم لائسنس مشین ریڈ ایبل ہوگا۔کراچی میں تیس لائسنس روزانہ جاری کئے جائیں گے اور اس کی فیس ساڑھے چار ہزار روپے ہوگی ۔ان کا کہنا تھا کہ مزید ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں یہ نظام رائج کیا جائے گا۔وزیرداخلہ نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ کے دوستوں نے ڈی ویپانائزیشن کا بل قومی اسمبلی میں جمع کرایا ہوا ہے اورمیں نے بھی ایک سمری وفاقی وزارت داخلہ کو بھیجی تھی یہ معاملہ زیر غور ہے ۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا لاہور کا واقعہ امریکی شہری کا انفرادی عمل تھا ہر امریکی شہری کے لئے اس بنا پرمعیار بنانا نا مناسب بات ہے ایسا طریقہ اختیار کیا گیا تو امریکا میں رہنے والے پاکستانیوں کے لئے مشکلات پیدا ہوجائیں گی۔